دھرنے اور احتجاج کیلئے کجریوال اور بی جے پی میںمسابقت : راہول
نئی دہلی ۔ 18 جون۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی دہلی میں جاری ’طوائف الملوکی ‘سے چشم پوشی کے ذریعہ قومی دارالحکومت میں نیراج ، افراتفری اور بدنظمی پھیلانے میں مدد کررہے ہیں ۔ دھرنے اور ہڑتالوں کے معاملہ میں دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال اوربی جے پی دونوں ہی ایک دوسرے پر سبقت لینے کی کوشش کررہے ہیں ۔راہول گاندھی نے کہا کہ دہلی کے عوام اس صورتحال کے اصل شکار و متاثرین ہیں۔ صدر کانگریس نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’نیراج و افراتفری سے پی ایم (وزیراعظم) چشم پوشی کررہے ہیں جس سے انتشار و بدنظمی پھیل رہی ہے ۔ دہلی کے عوام (اس صورتحال کے ) شکار و متاثرین ہیں۔ اور یہ ڈرامہ جاری ہے ‘‘ ۔ واضح رہے کہ لیفٹننٹ گورنر انیل بائجال کے دفتر پر کجریوال اور ان کے چند وزراء 11 جون سے دھرنا دے رہے ہیں اور اعلیٰ سرکاری افسران اپنی سکیورٹی کا مطالبہ کرتے ہوئے ’ہڑتال‘ پر ہیں۔ دہلی کے آئی اے ایس آفیسرس اسوسی ایشن نے حکومت دہلی سے کہا ہیکہ وہ اپنے سیاسی فوائد کیلئے ان (آئی اے ایس ) افسران کا استعمال نہ کرے۔