دہلی میں آلودگی پر وزیراعظم خاموش کیوں ہیں : راہول

نئی دہلی ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج بالی ووڈ کی فلم کا ایک نغمہ کے بول یاد کرتے ہوئے قومی دارالحکومت میں زہرآلود فضاء والے ماحول کے بارے میں وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی پر طنز کیا ہے۔ راہول نے 1978ء کی فلم ’گمن‘ کے گیت کے شعر کو استعمال کرتے ہوئے شہر میں آلودگی اور موجودہ صورتحال پر چوٹ کی اور مودی کا نام لئے بغیر آلودگی کے مسئلہ پر حکومت کی بے عملی کا بالواسطہ ذکر کیا۔ انہوں نے فضائی آلودگی کی اونچی سطحوں کا واضح طور پر ذکر کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا ’’سینے میں جلن ؍ آنکھوں میں طوفان سا کیوں ہے؍ اس شہر میں ؍ ہر شخص ؍ پریشان سا کیوں ہے‘‘۔ راہول نے ان الفاظ میں نئی سطر کا اضافہ کرتے ہوئے لفظ ’صاحب‘ بھی جوڑ دیا جو تمام تر جانکاری کے باوجود بدستور خاموش ہیں۔ راہول نے یہ بھی کہا کہ ’’کیا بتائیں گے صاحب، سب جان کر انجان کیوں ہیں‘‘۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں ایک تصویر بھی پیش کی جس میں بچوں کو ماسک لگائے دکھایا گیا اور ایک نیوز رپورٹ میں کہا گیا کہ ہندوستان میں فضائی آلودگی کی وجہ سے 18 لاکھ افراد فوت ہوچکے ہیں۔