شوٹنگ مقابلوں میں ڈاکٹر صابر علی خاں کو گولڈ اور عابد علی خاں کو سلور میڈل
حیدرآباد ۔ /5 جولائی (سیاست نیوز) ریاست کے اسپورٹس شوٹرس کیلئے ایک خوشخبری ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما نے آج بتایا کہ اسپورٹس شوٹنگ سے وابستہ شوٹرس کیلئے ریاست میں دہلی کی طرز پر اسلحہ لائسنس کے حصول کیلئے سنگل ونڈو قائم کئے جائیں گے ۔ مسٹر انوراگ شرما نے شوٹنگ رینج میں منعقدہ 4 روزہ تلنگانہ اسٹیٹ شوٹنگ مقابلوں کے اختتام پر بتایا کہ انہیں یہ خوشی ہورہی ہے کہ شوٹنگ مقابلوں میں کئی نوجوان مختلف سطح کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں اور ان کی محنت سے وہ چمپئینس بھی بن سکتے ہیں ۔ اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ کے منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر اے دیناکر بابو نے بتایا کہ گچی باؤلی میں واقع شوٹنگ رینج کو مزید عصری بنایا جائے گا تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلے منعقد کئے جاسکے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان شوٹرس کو اس اسپورٹس میں راغب کرنے کیلئے اپنی توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ رینج کو مزید عصری بنانے کیلئے 10 کروڑ روپئے کی رقم درکار ہے ۔ مقابلوں کے اختتام کے بعد مسٹر انوراگ شرما نے میڈلس تقسیم کئے ۔ 50 میٹر فری رائفل جونیر مقابلوں میں سید محمد محمود کو گولڈ میڈل ، عابد علی خاں کو سلور اور دھیرج کو برونز میڈل دیا گیا ۔ جبکہ 50 میٹر فری رائفل سینئر مقابلوں میں ڈاکٹر صابر علی خاں کو گولڈ ، مسٹر ایس ایم طاہر قادری کو سلور اور پریت پال سنگھ کو برونز دیا گیا ہے ۔ جبکہ پیجن ٹرائپ مقابلوں میں فضل احمد شعیب کو گولڈ اور ڈاکٹر صابر علی خاں کو سلور میڈل دیا گیا ہے ۔ اس مقابلوں میں جملہ 500 شوٹرس نے شرکت کی ۔