نئی دہلی ، 22مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے دہلی میں تشکیل حکومت پر تغیر پذیر رویہ کی بناء لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے آج کہا کہ وہ اس مسئلہ پر صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے تبادلہ خیال کریں گے ۔انہوں نے واضح کردیا کہ کجریوال کی پارٹی نے ہنوز تازہ انتخابات کی خواہش نہیں کی ہے۔وہ دہلی میں نئی حکومت کی تشکیل کے بارے میں سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی زبان بند ہے ۔ تازہ انتخابات کی کوئی تجویز ابھی وصول نہیں ہوئی ہے۔ دریں اثناء تہاڑ جیل میںسابق چیف منسٹر کجریوال نے اپنی شریک حیات اور پارٹی قائدین سے ملاقات کی ۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ وہ پٹیالہ میٹرو پولیٹن عدالت کے فیصلہ کو کل چیالنج کرے گی۔ اگر یہ فیصلہ کجریوال کے خلاف ہو تو پارٹی نے عوامی رابطہ پروگرام کا بھی اعلان کیا ۔ پارٹی نے کہا کہ گھر گھر رابطہ پروگرام چلایا جائے گا تاکہ عوام کو ان حالات سے واقف کروایا جائے
جن کے نتیجہ میں فوجداری ازالہ حیثیت عرفی مقدمہ میں کجریوال کی گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ کل کے فیصلہ کے بعد پارٹی کارکنوں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا اور عدالتی فیصلے کے پیش نظر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا ۔گوپال رائے نے کہا کہ پارٹی اس جنگ کو دہلی سے ملک گیر سطح پر لے جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی بدعنوان شخص کو بدعنوان قرار دینا جرم ہے تو بی جے پی کی جانب سے نتن گڈکری کو اُن کے عہدہ سے برطرف کردینا چاہئے کیونکہ ان پر بھی بدعنوانیوں کے الزامات عائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گڈکری کے خلاف ملک گیر سطح پر مہم شروع کی جائے گی۔ نریندر مودی نے اروند کجریوال کو پاکستان کا ایجنٹ قرار دیا ہے لیکن اُن کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کروائی گئی ۔ انہوں نے پولیس کارروائی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ عوام تک پہنچائی جائے گی ۔ ہم پولیس کی آمریت کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔
کجریوال 23مئی تک تہاڑ جیل بھیج دیئے گئے ہیں کیونکہ انہوں نے ہتک عزت مقدمہ میں ضمانت پر رہائی کیلئے مچلکہ داخل کرنے سے انکار کردیا۔ دریں اثناء رالے گاؤں سدھی سے موصولہ اطلاع کے بموجب سماجی جہدکار انا ہزارے نے کہاکہ عام آدمی پارٹی قائد کجریوال کو بحیثیت چیف منسٹر دہلی اپنی میعاد پوری کرنی چاہئے تھی، وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ کجریوال کو دہلی حکومت چلانے کے بارے میں مشورہ دے چکے ہیں اور کہہ چکے ہیں کہ دہلی کی حکومت کو باقی ملک کیلئے ایک مثال ہونا چاہئے۔ عام انتخابات میں مقابلہ کرنے پر عام آدمی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انا ہزارے نے کہا کہ سیاست میں کامیابی کیلئے صبر و تحمل ضروری ہے۔ کجریوا ل، اناہزارے کی لوک پال تحریک میں پیش پیش تھے جو کرپشن کے خلاف تحریک میں تبدیل ہونے کے بعد کمزور پڑگئی ۔ سابق چیف منسٹر دہلی کو جیل میں وہی سیل میں رکھا گیا ہے جہاں انا ہزارے محروس تھے ۔