دہلی حکومت کو گرانے بی جے پی نے 20 کروڑ کی پیشکش کی

نئی دہلی 3 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی قائدین بشمول نریندر مودی نے انہیں خریدنے اور پارٹی حکومت کو گرانے کیلئے 20 کروڑ روپئے کی رشوت کی پیشکش کی تھی ۔ کستوربا نگر کے رکن اسمبلی مدن لال نے ادعا کیا کہ سب سے پہلے دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج سے ایک دن قبل 7 ڈسمبر کو ان سے رابطہ کیا گیا تھا ۔ انہوںنے تاہم کہا کہ ان کے پاس اپنے الزامات کی تائید میںکوئی ثبوت نہیں ہے ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس رات نصف شب کے بعد انہیں ایک نامعلوم نمبر سے فون کال موصول ہوا تھا اور ان سے بات کرنے والے شخص نے کہا تھا کہ وہ انہیں ایک بڑے شخص سے بات کروائیگا جس کا نام اس نے ارون جیٹلی بتایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے فون کرنے والے کو خاموش ہوجانے کو کہا اور فون رکھ دیا ۔ دوسرے واقعہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو افراد نے ان سے گجرات کے چیف منسٹر و بی جے پی وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کی ایما پر کچھ دن قبل ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ دو افراد ان کے گھر آئے تھے اور ملاقات کی ۔ میں نے ان سے سوال کیا کہ وہ کیا چاہتے ہیںتو انہوں نے کہا کہ وہ مودی کے آدمی ہیں ۔

ان میں ایک کا نام سنجے سنگھ تھا ۔ دونوں کی عمریں 40 سال کے آس پاس تھیں۔ میںنے ان سے کہا تھا کہ وہ مجھ سے کیا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ عام آدمی پارٹی کے 9 ارکان اسمبلی کو پارٹی سے علیحدہ کرتے ہوئے بی جے پی کی تائید کی جائے ۔ مدن لال نے ادعا کیا کہ ان سے کہا گیا تھا کہ اگر وہ پارٹی کے ارکان اسمبلی کو توڑ کر بی جے پی سے اتحاد کرتے ہیں اورچیف منسٹر بننا چاہتے ہیں تو انہیں 20 کروڑ روپئے دئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے جو ارکان وزیر بننا چاہتے ہیں انہیںفی کس 10 کروڑ روپئے دئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی انہیں رشوت کی پیشکش کی گئی تھی انہوں نے پارٹی کو اس سے واقف کروادیا تھا ۔ ڈسمبر 2013 میںہوئے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو 28 حلقوں سے کامیابی ملی تھی اور اس نے کانگریس کی تائید سے حکومت قائم کی ہے ۔ جنتادل یو کے رکن اسمبلی شعیب اقبال اورا یک آزاد رکن اسمبلی نے بھی حکومت کی تائید کی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے 28 ارکان اسمبلی میں ایک اسپیکر منتخب ہوا ہے جبکہ ایک اور رکن اسمبلی ونود کمار بنی کو مخالف پارٹی سرگرمیوں کی پاداش میں خارج کردیا گیا ہے ۔