دہلی بی جے پی کے تابوت میں پہلی کیل

ہردوئی( یو پی) ۔8فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی انتخابات بی جے پی کے تابوت میں پہلی کیل اور یو پی آخری کیل ثابت ہوں گے ۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے پنچایت سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو پی اسمبلی انتخابات جو 2017ء میں مقرر ہے ‘ بی جے پی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی سروے عام آدمی پارٹی کی تائید میں ہے ۔ ہم نے عام آدمی پارٹی کی سبقت کو دیکھتے ہوئے اپنے امیدوار دہلی انتخابات میں کھڑا نہیں کئے تھے ‘ ان کے محاذ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فی الحال 6پارٹیاں اس محاذ میں شامل ہیں ‘ مزید بات چیت ہنوز نہیں ہوئی ۔ انہوں نے بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی پر عوام سے کئے ہوئے انتخابی منشور کے تیقنات کی عدم تکمیل پر عوام سے غداری کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بی جے پی قائدین اور مودی غدار ہیں ۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے انتخابی منشور میں کئی وعدے کئے تھے لیکن ایک کی بھی تکمیل نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ دیگر کے برعکس سماج وادی پارٹی جو کچھ کہتی ہے اس پر عمل کرتی ہے ۔ سماج وادی پارٹی حکومت نے جو انتخابی وعدے اسمبلی انتخابات کے وقت کئے تھے گذشتہ تین سال میں ان تمام کی تکمیل کردی ہے ۔حالانکہ اُن کی تکمیل کیلئے پانچ سال کی مدت موجود تھی لیکن ہم نے جلد از جلد ان کی تکمیل کردی ۔ انہوں نے مودی پر متکبر ہونے کا بھی الزام عائد کیا اور کہا کہ حال ہی میں انہوں نے ایک وزیر کو جھڑک دیا تھا جو انتہائی شریف آدمی ہے ۔ ان کی کابینہ کے اجلاس میں انہوں نے اسے برطرف کردینے کی دھمکی دی تھی ۔ ملائم سنگھ یادو نے مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ چین سے ہندوستان کی سرزمین واپس حاصل کریں اور کہا کہ ان کی پارٹی اس مسئلہ پر حکومت کی تائید کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ وزیردفاع تھے تو انہوں نے چین کو منہ توڑ جواب دیا تھا جب کہ اس نے ایک ہیلی کاپٹر مارگرایا تھا لیکن جب مودی صدر چین سے مصافحہ کررہے تھے تو چین کی فوج ہندوستانی سرزمین پر اپنے خیمے کھڑا کررہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام بندہوجاناچاہیئے ۔