دوبئی 20 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے کوچ گیری کرسٹن کی ستائش کرتے ہوئے دہلی ڈیر ڈیولس کے فاسٹ بولر ناتھن کولٹر نیل نے کہا کہ کرسٹن نے انہیں کرکٹ کے تعلق سے ناقابل بیان تجربات فراہم کئے ہیں اور خاص طور پر انہوں نے بولنگ کے سدھار میں کافی مدد کی ہے ۔ کل کولکتہ کے خلاف میچ میں چار وکٹس لینے والے کولٹر نیل نے میچ کے بعد کہا کہ گیری کرسٹن بہت اچھے ثابت ہوئے ہیں۔ وہ ہمیشہ آپ کی مدد کرنے اور مشورے دینے تیار رہتے ہیں۔ یہ بہت اچھی بات ہے ۔ انہوں نے کرکٹ کے تعلق سے ناقابل بیان تجربات فراہم کئے ہیں اور خاص طور پر بولنگ کو بہتر بنانے میں ان کی کافی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیری کرسٹن نے ان کے ساتھ بیٹھ کر انہیں اپنی بولنگ کو بہتر بنانے کے تعلق سے بہترین مشورے دئے ہیں اور یہ سمجھایا ہے کہ کھیل کے کس مرحلہ پر کس طرح کی بولنگ کی جانی چاہئے ۔ یہ ان کیلئے ایک بہترین اور شاندار تجربہ رہا ہے ۔ دہلی کو ٹورنمنٹ کے اپنے ابتدائی میچ میں رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف شکست ہوئی تھی ۔