نئی دہلی ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی بلدی انتخابات میں بی جے پی کے مقابلہ میں ناکامی کے بعد کانگریس نے اپوزیشن اتحاد کی کوششوں میں تیزی پیدا کردی ہے اور کہا ہیکہ علاقائی پارٹیوں کو احساس ہوجانا چاہئے کہ اندھی کانگریس مخالفت کارآمد نہیں ہوسکتی۔ کل ہند کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج رندیپ سرجے والا نے کہا کہ پارٹیوں کو نظریات کی جنگ میں ملک کو اولین اہمیت دینا چاہئے۔ ان کا یہ تبصرہ جے ڈی یو کے صدر نتیش کمار اور ترنمول کانگریس کی صدر ممتابنرجی کی غیربی جے پی پارٹیوں کو بھگوا پارٹی کے خلاف متحد کرنے کی کوشش کے پس منظر میں اہمیت رکھتا ہے۔