دہلی اور چینائی کا آج مقابلہ ۔ کارتک کا دھونی کی ٹیم سے ٹکراؤ

ابوظہبی 20 اپریل ( پی ٹی آئی ) آئی پی ایل سیزن سات کے اپنے افتتاحی میچ میں شکست کھانے کے بعد سابق چمپئنس چینائی سوپر کنگس کا مقابلہ کل دہلی ڈیر ڈیولس کے ساتھ ہونے والا ہے اور چینائی سوپر کنگس کی ٹیم اس میچ میں کامیابی کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریگی ۔ دہلی ڈیر ڈیولس کی ٹیم اس ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کر رہی ہے اور اس کے کھلاڑیوں میں جوش و جذبہ دکھائی دیتا ہے ۔ چینائی کو جمعہ کے دن ہوئے مقابلہ میں کنگس الیون پنجاب کے خلاف چھ وکٹس سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا حالانکہ اس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 205 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا تھا ۔ دو مرتبہ کی چمپئن ٹیم چینائی کو اپنی بولنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ پنجاب کی ٹیم نے اتنے بڑے اسکور کو آسانی سے پار کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی تھی ۔

ایک جانب چینائی کی ٹیم بولنگ شعبہ سے پریشان ہے تو دوسری جانب دہلی کی ٹیم نے اس بار اپنے مظاہرہ میں بہتری پیدا کرلی ہے اور اس نے کل رات کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف بہتر مظاہرہ کے ذریعہ ایک اور کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ چینائی سوپر کنگس کی بیٹنگ تاہم بہترین فارم میں دکھائی دے رہی ہے جبکہ اوپنرس ڈوین اسمتھ اور برینڈن مک کیولم نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ تاہم اس کی بولنگ روایتی انداز کی دکھائی نہیں دے رہی ہے کیونکہ پنجاب کے بلے بازوں گلین میکس ویل اور ڈیوڈ ملر نے دھماکو انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اس کی بولنگ کو تار تار کردیا تھا ۔ آشیش نہرا اور موہت شرما کی فاسٹ بولنگ مخالف بلے بازوں کیلئے کسی پریشانی کا باعث نہیں بن سکی ہے ۔ سینئر آف اسپنر روی چندرن اشون بھی چینائی کی غیر متوقع شکست کے موقع پر توقعات کے مطابق مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے ۔ مہیندر سنگھ دھونی کی ٹیم کو پنجاب کے خلاف شکست کے بعد اپنی بولنگ کے شعبہ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اسے سدھارنا ہوگا ۔

دہلی نے بھی حالانکہ اپنے افتتاحی میچ میں شکست کھائی تھی لیکن اس نے کولکتہ کے خلاف اچھی کامیابی حاصل کی اور ٹیم میں جوش و جذبہ پیدا ہوگیا ہے ۔ زخمی کیون پیٹرسن کی عدم موجودگی کے نتیجہ میں دہلی کی بولنگ اپنے افتتاحی میچ میں مشکلات کا شکار نظر آئی تھی تاہم کل کے میچ میں ٹیم کے بلے بازوں نے بہترین مظاہرہ کیا اور مشکل حالات میں ٹیم کو سنبھال کر کامیابی دلائی تھی ۔ کل کے میچ میں کپتان دنیش کارتک اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی جے پی ڈومنی نے نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ دہلی نے 167 رنوں کے نشانہ کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی ۔ پیٹرسن زخمی ہیں اور کل کے میچ میں بھی ان کی شمولیت کے تعلق سے قطعیت سے کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا ۔ دہلی کی ٹیم کو بھی بولنگ کے شعبہ میں کچھ مشکلات کا سامنا ہے اور ایسا کہا جاسکتا ہے کہ جب کل دونوں ٹیمو ںکا مقابلہ ہوگا تو یہ بولرس کی بجائے بلے بازوں کا مقابلہ ہوگا اور جس کی بیٹنگ زیادہ کامیاب رہی میچ اس کے حق میں ہوسکتا ہے ۔ ٹیمیں اس طرح ہیں ۔

چینائی سوپر کنگس : مہیندر سنگھ دھونی ( کپتان ) سریش رائنا ‘ آر اشون ‘ رویندر جڈیجہ ‘ ڈوین اسمتھ ‘ آشیش نہرا ‘ موہت شرما ‘ سیموئیل بدری ‘ بن ہلفنہاس ‘ میٹ ہنری ‘ بی اپراجیت ‘ متھن منہاس ‘ ایشور پانڈے ‘ پون نیگی ‘ وجئیح شنکر ‘ رونت مورے اور جان ہسٹنگس

دہلی ڈیر ڈیولس : دنیش کارتک ( کپتان ) ‘ مرلی وجئے ‘ راس ٹیلر ‘ کیو ڈی کاک ‘ محمد سمیع ‘ جے اناڈکٹ ‘ منوج تیواری ‘ راہل شرما ‘ میانک اگروال ‘ ناتھن کونٹر نیل ‘ جے پی ڈومنی ‘ کیدار جادھو ‘ سدھارتھ کول ‘ ملند کمار ‘ شہباز ندیم ‘ جمی نیشم ‘ وین پارنیل ‘ لکشمی شکلا ‘ راہول شکلا ‘ جئینت یادو اور سوربھ تیواری ۔