موہالی29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) مسلسل چار میچ گنوانے کے بعد آخری نمبر پر پہنچی دہلی ڈیئر ڈیولس اور کنگز الیون پنجاب کل جیت کی تلاش میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ پنجاب نے آٹھ میچوں میں تین میچ جیتے ہیں اور وہ چھ نشانات کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ دہلی ہمیشہ کی طرح اپنی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے مسلسل چار میچوں میں شکست کے بعد آخری نمبر پر ہے ۔ اس کے پاس فی الحال صرف چار نشانات ہیں۔ دونوں ٹیموں کے لئے آگے کی راہ مشکل ہو گئی ہے ۔ دہلی نے پچھلا میچ کے کے آر کے خلاف سات وکٹس سے ہارا تھا تو پنجاب اپنے گھریلو میدان کا بھی فائدہ نہیں اٹھا سکی اور حیدرآباد نے اسے26 رنوں سے شکست دی۔ پنجاب نے ٹورنمنٹ میں اچھی شروعات کی تھی لیکن اس وقت اس کے حالات خراب ہیں۔گلین میکسویل کی ٹیم نے گزشتہ میچ میں گجرات کو 26 رنوں سے شکست دی تھی تب اس کی واپسی کی توقع کی جانے لگی تھی لیکن پھر اگلے میچ میں وہ ہار گئی۔ دہلی کا انحصار بھی سنجو سامسن پر ہے اور ٹیم رنوں کے لئے نوجوان اوپنر پر اس قدر انحصار ہے کہ ان کی60 رنز کی اہم اننگز کے آؤٹ ہونے کے بعد آخری چھ اووروں میں اس کے بیٹسمینس37 رنز ہی جوڑ سکے۔سنجو سیمسن، شریس ایر، رشبھ پنت جیسے نوجوانوں کی اس ٹیم میں تجربہ کی بھی کمی نظر آتی ہے ۔ سنجو ٹیم کے لئے سات میچوں میں 284 رنز بنا کر بہترین اسکورر ہیں لیکن باقی کھلاڑیوں سے انہیں خاطر خواہ تعاون نہیں مل رہا ہے۔