نئی دہلی۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ مرکزی محکمہ مال کے عہدیداروں نے آج دہلی انتخابات میں فضائی اور زمینی منتقلی کے مقامات پر کالادھن کی جانچ کے سلسلہ میں چوکسی میں اضافہ کردیا ہے، کیونکہ عنقریب ریاست دہلی میں انتخابات مقرر ہیں۔ محکمہ مال کی سراغ رسانی کی ڈائریکٹوریٹ اور کسٹمس نے خاص طر پر ایرپورٹس پر رقم کی غیر قانونی منتقلی کے سلسلہ میں نگرانی میں شدت پیدا کردی ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ ٹیکس نے بھی اپنے شعبۂ سراغ رسانی کو ایرپورٹس پر متحرک کردیا ہے تاکہ دہلی میں غیر قانونی رقم منتقل نہ کی جاسکے۔ سرکاری عہدیداروں کو شبہ ہے کہ اسمبلی انتخابات کے دوران کالے دھن کی دہلی منتقلی میں اضافہ ہوجائے گا۔ ایک ذریعہ نے کہا کہ رقم کے غلط استعمال کے خلاف مختلف اقدامات کئے ہیں۔ ریاستی اور مرکزی محکمہ آبکاری نے بھی نگرانی میں شدت پیدا کردی ہے تاکہ زیادہ مقدار میں شراب کی دہلی منتقلی عمل میں نہ آسکے۔