دہلی انتخابات سے پہلے ٹی وی مباحثوں پر پابندی

نئی دہلی۔ 18؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر دہلی پولیس نے ٹی وی پر مباحث منعقد کرنے اور ان کی نشریات پر پابندی عائد کردی ہے، کیونکہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے کارکنوں میں جنوبی دہلی میں تغلق آباد کے علاقہ میں 3 جنوری کو پُرتشدد جھڑپ ہوئی جس میں کم از کم 12 افراد زخمی ہوگئے۔ اس سلسلہ میں ایک فیصلہ دہلی پولیس کے عہدیداروں کے ایک اجلاس میں کیا گیا، کیونکہ ایسے ٹی وی مباحث عام طور پر گڑبڑ کی وجہ بن جاتے ہیں۔ ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ اس قسم کے مباحث کی شوٹنگ نہ کی جائے۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرس پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ جب ضلعی ڈی سی پیز نے خبر رساں چیانلس کی شوٹنگ پر پابندی عائد کرنے سے گریز کیا تو ٹی وی چیانلس کے نمائندوں کا ایک اجلاس اسپیشل کمشنر لااینڈ آرڈر دیپک مشرا اور پولیس کمشنر بی ایس بسی نے طلب کیا اور سختی سے کہہ دیا کہ کسی بھی مقام پر ٹی وی مباحث کی شوٹنگ نہیں کی جانی چاہئے۔ جب ٹی وی رپورٹرس نے بسی سے سوال کیا کہ کیا ایسے مباحث پر عملی اعتبار سے امتناع عائد کیا جارہا ہے؟ انھوں نے جواب دیا کہ ہم آپ سے تعاون طلب کررہے ہیں اور نظم و قانون کی برقراری میں آپ کی مدد چاہتے ہیں۔ آپ مباحث منعقد کرکے صرف سڑکوں پر ہنگامہ کرنے والوں کی مدد کررہے ہیں۔