دہلی انتخابات بی جے پی کیلئے ایک سبق

کریم نگر ۔ 11 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ملک کے وزیراعظم نریندر مودی کو کم از کم اب تو اپنی روش بدلنی ہوگی ۔ بڑے جمہوری ملک ہندوستان میں دہلی کے عوام نے مرکز میں برسراقتدار بی جے پی پارٹی کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا ہے ۔ بی جے پی زیرقیادت حکومت کے وزیراعظم نریندر مودی نے دہلی میں انتخابات جتنے کیلئے ہر طریقہ سے کوشش کی اور اپنی پوری توانائیاں جھونک دی تاہم دہلی کے عوام نے بی جے پی کو واپسی کا راستہ دکھلایا ۔ کانگریس قائد و سابق ایم پی پونم پربھاکر نے یہاں اکرائینڈل گیسٹ ہاوز میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ بی جے پی کے وزیراعظم اور دیگر قائدین عام انتخابات میں بہت کچھ کرنے کا دعوی کرتے ہوئے عوام کو سبز باغ دکھلائے ، جھوٹے وعدے کئے اور اقتدار حاصل کر لیا مگر کوئی ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ سرمایہ داروں کو راغب کیا گیا لیکن ملک کی غریب عوام کیلئے کچھ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو دہلی میں ذلت آمیز شکست سے بی جے پی کا سارا نشہ چور چور ہوگیا ہے اور وقت کا تقاضہ ہے کہ بی جے پی قائدین اپنی اس ذلت آمیز شکست سے سبق حاصل کریں ۔