دہشت گرد گروپس سے نمٹنے میں کانگریس کے

نئی دہلی۔ 13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گرد گروپس سے نمٹنے میں ’’منتخب رویہ‘‘ اختیار کرنے کا پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے ہندوستان نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول تیار کرنا ضروری ہے تاکہ مذاکرات بامعنی ہوسکیں۔ آج جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں وزارت دفاع نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد کیمپس موجود ہیں، اور دہشت گروپس سے نمٹنے میں ’’منتخب رویہ‘‘ اختیار کرنے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ اس علاقہ اور خود پاکستان کے مفادات خطرے میں رہیں گے۔ یہ تنظیمیں خود پاکستان کی داخلی سلامتی کیلئے ایک خطرہ ہیں۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ پرامن ، دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات پاکستان کے ساتھ قائم کئے جائیں، تاہم صیانت کے اندیشے اور پاکستانی سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں برقرار رہنے سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان ایسا ماحول پیدا کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے واضح کردیا ہے کہ وہ تمام مسائل پرامن اور باہمی مذاکرات کے ذریعہ حل کرنا چاہتا ہے۔ اس کے لئے بات چیت بامعنی ہونا چاہئے۔ ایسی بات چیت کے لئے ماحول دہشت گردی اور تشدد سے پاک ہونا چاہئے۔