دبئی ۔ 22جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات نے آج ہندوستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مکمل تائید کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ باہمی ‘ دفاعی اور صیانتی تعلقات میں اضافہ کا خواہاں ہے ۔ اسی مقصد سے ولیعہد شہزادہ ابوظہبی شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ ہند کے موقع پر منگل کے دن باہمی دفاعی تعاون معاہدہ پر دستخط کئے گئے ہیں ۔ ہندوستان اور ابوظہبی کے درمیان 16معاہدوں پر دستخط ہوئے ۔ قبل ازیں 25جنوری کو وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی اور ولیعہد شہزادہ ابوظہبی النہیان کے درمیان بات چیت ہوئی تھی ۔ وہ ہندوستان کے یوم جمہوریہ میں مہمان خصوصی ہوں گے ۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر برائے ہندوستان احمد البنّا نے اپنے ایک انٹرویو میں اس کا انکشاف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہندوستان کے ساتھ دنیا بھر میں دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف جنگ کرے گا ۔ انہوں نے حکومت ہند کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھرپور تائید کی اور کہا کہ انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف تحفظ وقت کا تقاضہ ہے ۔ ان سے متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے مشترکہ فیصلہ کے بارے میں سوال کیا گیا تھا ۔ 2015ء میں دونوں ممالک نے باہمی معلومات کے تبادلے اور بنیاد پرست سرگرمیوں کیلئے مالیہ کے فراہمی کے انسداد میں تعاون سے اتفاد کیا تھا ۔ دونوں ممالک نے ایسے افراد اور تنظیموں کے خلاف باہمی تعاون سے اتفاق کیا ہے ۔ متحدہ عرب امارات ۔ ہندوستان کے معاہدے سے داؤد ابراہیم کے خلاف کارروائی اور امارات میں ان کے اثاثہ جات منجمد کرنے میں مدد ملے گی ۔