دہشت گردی کا تمام ممالک متحدہ طورپر مقابلہ کریں

وزیراعظم مودی کااٹلی کے ہم منصب جنٹی لونی سے وسیع موضوعات پر تبادلۂ خیال ، چھ معاہدوں پر دستخط

نئی دہلی ۔30اکٹوبر۔( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور اٹلی نے آج کلیدی شعبوں بشمول توانائی اور تجارت میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے چھ معاہدوں پر دستخط کئے ۔ اس سے پہلے وزیراعظم نریندر مودی اور اُن کے اٹلی ہم منصب پاؤلو جنٹی لونی نے باہمی روابط کو مستحکم بنانے اور دہشت گردی کے مقابلے کیلئے مختلف صورتوں کے بارے میں تفصیلی تبادلۂ خیال کیا ۔ وزیراعظم اٹلی کا دس سال کے طویل عرصہ کے بعد یہ پہلا دورۂ ہند ہے۔ دونوں ممالک کے سفارتی روابط اُس وقت کشیدہ ہوگئے تھے جب دو اطالوی میرینس کو جو کشتی میں سوار تھے مبینہ طورپر کیرالا میں ساحل پر دو ہندوستانی ماہی گیروں کو ہلاک کرنے کی بناء گرفتار کیا گیا تھا ۔ یہ واقعہ 2012 ء کا ہے ۔ اٹلی نے ہیگ میں واقع انٹرنیشنل کورٹ سے رجوع ہوکر اس مقدمہ کی ہندوستان میں سماعت پر سوال اُٹھائے تھے ۔ یہ دو میرینس اب اٹلی میں ہے اور ہیگ کی عدالت نے ہنوز فیصلہ نہیں سنایا ہے۔ اس سفارتی تنازعہ کی وجہ سے ہندوستان کے یوروپی یونین کے ساتھ تعلقات پر بھی اثر پڑا تھا ۔ آج کی ملاقات میں یہ مسئلہ اُٹھائے جانے پر جب پوچھا گیا تو عہدیداروں نے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی روابط میں پیشرفت کی کوشش کی ہے ۔اور کسی نے بھی ایسا مسئلہ نہیں اُٹھایا جو اس پیشرفت پر اثرانداز ہو۔ عہدیداروں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین کئی اہم مسائل ہیں جن سے مختلف سطحوں پر نمٹا جائے گا ۔ مودی اور جنٹی لونی نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور اُن کے انفراسٹرکچر اور نٹورک کو ختم کرنے اور دہشت گردوں کی سرحد پار نقل و حرکت کو روکنے کیلئے مل کر کام کریں۔ اس ملاقات کے بعد مشترکہ بیان جاری کیا گیا اور یہ بالواسطہ پاکستان کی جانب اشارہ تھا ۔ جنٹی لونی اور مودی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اُنھوں نے وسیع تر اُمور بشمول دہشت گردی اور سائبر جرائم سے لاحق چیلنجس پر بات چیت کی اور ان کا موثر مقابلہ کرنے کیلئے باہمی تعاون میں اضافہ سے اتفاق کیا ۔ ۔ اس ملاقات کے بعد دونوں ممالک نے چھ معاہدوں پر دستخط کئے۔ قبل ازیں وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے جنٹی لونی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلۂ خیال کیا ۔ دونوں ممالک نے باہمی روابط کے 70 سال پورے ہونے پر خصوصی لوگو بھی جاری کیا ۔ ہندوستان اور اٹلی کے سفارتی روابط آئندہ سال مارچ میں 70 سال پورے ہوں گے ۔ وزیراعظم اٹلی نے اسے دونوں ممالک کے مابین ایک نئی شروعات قرار دیا۔