دہشت گردوں کا پہلا شکار مسلمان شہری ہوتے ہیں: وزیرخارجہ فرانس

کویت سٹی ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی وزیر خارجہ لوراں فیبیوس نے عالمی برادری سے دہشت گردی کے خلاف تعاون کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا پہلا شکار مسلمان ہی ہوتے ہیں۔ کویت کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب کے نام پر نہیں لڑتا۔ کویت اور فرانس دہشت گردی کے خلاف لڑرہے ہیں، ہم ان سے لڑرہے ہیں جو نہ صرف جھوٹے بلکہ قاتل بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ان دہشت گردوں کا پہلا نشانہ بنتے ہیں۔ اس موقع پر کویت کے وزیر خارجہ شیخ صباح الصباح نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فرانس اور کویت کے نظریات ایک ہی ہیں۔ انہوں نے پیرس حملوں کی ایک بار پھر شدید مذمت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پوری دنیا کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ قبل ازیں کویت امیر شیخ صباح الحمد الصباح اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے فرانسیسی وزیر خارجہ کا کویت پہنچنے پر استقبال کیا۔