ٹی آر ایس کی غلط پالیسیوں سے تلنگانہ کی عوام پر فی کس 60 ہزار روپئے کا قرض : سی پرتاپ ریڈی
شاد نگر۔/24 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرتے ہوئے عوام کو کھلے عام دھوکہ دیا ہے۔ نریندر مودی اور کے سی آر دوستانہ تعلقات پیدا کرتے ہوئے عوام کو ایک کے بعد ایک دھوکہ دیتے رہے ہیں ، دونوں کے بلند بانگ دعوے اور وعدے آج تک پورے نہیں ہوئے۔ عوامی فلاحی مسائل اور ترقی سے کسی بھی طرح کی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ایم ایل اے کانگریس پارٹی چولہ پلی پرتاپ ریڈی نے فرخنگر منڈل کے موضع انارم میں منعقدہ کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم کے جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ٹی آر ایس حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ فی الحال تلنگانہ کی عوام پر فی کس 60 ہزار روپئے قرض کا بوجھ ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے شاد نگر کی سرزمین پر یہ وعدہ کیا تھا کہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات 4 ماہ کے اندر فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ ایک اور جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا تھا کہ گھر گھر نل کنکشن فراہم کرنے کے بعد ہی عوام سے ووٹ مانگنے کیلئے آئیں گے۔ گھر گھر نل کنکشن فراہم کرنے میں کے سی آر حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ گھر گھر نل کنکشن فراہم کئے بغیر دوبارہ عوام سے ووٹ مانگنے کیلئے انتخابی میدان میں آگئے۔ دوسری طرف مودی نے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی کالا دھن واپس لاتے ہوئے ملک بھر کے ہر ایک شخص کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے ڈالنے کا وعدہ کیا تھا لیکن 5 سال کا عرصہ ہونے کو ہے مگر ابھی تک ایک بھی شخص کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع نہیں کئے گئے۔ مودی کے دور اقتدار میں پٹرول اور ڈیزل کے علاوہ پکوان گیاس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام پر زائد مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی اور تلنگانہ ریاست کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو عوامی درپیش مسائل سے کسی بھی طرح کی ہمدردی نہیں ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی پارٹی ہے، کانگریس پارٹی عوام کے ساتھ جو وعدہ کرتی ہے اس کو عملی جامہ پہناتی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست میں 7 ڈسمبر کو منعقد ہونے والی رائے دہی کے موقع پر ووٹ کا استعمال کانگریس پارٹی کے حق میں کرنے کی عوام سے پرزور اپیل کی۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی قائدین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔