حیدرآباد ۔ /9 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس کی کمشنر ٹاسک فورس نے دھوکہ دہی میں ملوث بینک کے سینئر منیجر کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے کہا کہ 60 سالہ پی سبرامنین مرلی ساکن برہمن واڑی بیگم پیٹ جو اے پی مہاجن کوآپریٹیو اربن بینک لمیٹیڈ کا سینئر منیجر ہے نے اپنے عہدہ کا بیجا استعمال کرتے ہوئے لاکھوں روپئے کی رقم اپنے ذاتی بینک کھاتے میں منتقل کی ۔ انجنی کمار نے کہا کہ گرفتار بینک منیجر نے بڑی ہی شاطرانہ انداز سے بینک کی رقم کو اپنے اکاؤنٹ کے علاوہ دیگر رشتہ داروں کے بینک کھاتوں میں بھی NEFT/RTGS کے ذریعہ 58 لاکھ 49 ہزار منتقل کئے ۔ انہوں نے کہا کہ سینئر منیجر مرلی نے گزشتہ چند سالوں سے بینک کو دھوکہ دیتے ہوئے کھاتوں میں ہیرپھیر کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینک منیجر کی دھوکہ دہی کا اس وقت انکشاف ہوا جب مہاجن کوآپریٹیو بینک کے ذمہ داران نے بینک کھاتوں کا آڈٹ کروایا ۔ اس سلسلے میں بینک انتظامیہ نے مارکٹ پولیس اسٹیشن سے شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں پولیس نے ٹاسک فورس کی مدد سے بینک منیجر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے 56 لاکھ 30 ہزار نقد رقم برآمد کرلی ۔