دھوکہ باز گرفتار‘نقد رقم ‘لیاپ ٹاپ ‘موبائیل فونس ضبط

حیدرآباد 16 فبروری (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم پولیس نے (سی سی ایس) نے آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث بین ریاستی دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے نقد رقم‘ لیاپ ٹاپ ‘موبائیل فون و دیگر اشیاء برآمد کرلی ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈیکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر روی ورما نے بتایا کہ 23 سالہ محمد سیف عرف سیف اللہ جو پیشہ سے آٹو کنسلٹنٹ ہے کرناٹک کے ضلع ہاسن کا مقیم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیف consumercomplaint.inویب سائیٹ بنائی اور عوام کو مسائل حل کرنے کیلئے ویب سائیٹ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ۔ بعدازاں دھوکہ باز نے خود کو مذکورہ محکمہ کا عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے کئی افراد سے اے ٹی ایم کارڈس کی تفصیلات بشمول تاریخ پیدائش ‘پن نمبر اور دیگر اہم معلومات حاصل کرنے کے بعد دھوکہ دہی کے ذریعہ ایر ٹیل منی ایم پی پیسہ اکاونٹ میں منتقل کرلیا ۔ عوام کو یقین دلانے کیلئے اس نے ایک اور نقلی جعلی ویب سائٹ bankingrbi.com ویب سائیٹ کے ذریعہ کئی افراد کو دھوکہ دے رہا تھا ۔ مسٹر روی ورما نے بتایا کہ محمد سیف بہار کے سنتوش یادو اور جھارکھنڈ کے انیل شریواستو سے رابطہ قائم کیا جو ہیکنگ میں ماہر ہے ۔ مذکورہ دھوکہ باز نے 250 تا 300 افراد کو دھوکہ دیتے ہوئے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے ۔ اس سلسلہ میں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی خاتون نے سی سی ایس پولیس سے شکایت درج کروائی تھی جس پر ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اور تحقیقات کے بعد سیف کو گرفتار کرلیا گیا اور اس کے قبضہ سے 2 لاکھ روپئے نقد رقم ‘لیاپ ٹاپ ‘موبائیل فونس اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے گئے ۔