دھوکہ بازوں کی تین رکنی ٹولی بشمول خواتین گرفتار

حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے دھوکہ بازوں کی تین رکنی ٹولی بشمول دو خواتین کو ہریانہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ چندرائن گٹہ کے ساکن سید یعقوب نے سی سی ایس پولیس کی سائبر کرائم ونگ سے شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ اُنھیں اسٹار ویزا کنسلٹنٹ کمپنی سے ایک فون کال موصول ہوا تھا اور اُنھیں کنیڈا کا ویزا فراہم کرنے کا یقین دلایا گیا اور اُن سے 7.5 لاکھ روپئے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ اِس ضمن میں 28 سالہ کنال عرف گنجن، ونئے چوبھ اور ترنجیت کور نے جن کا تعلق ہریانہ سے ہے، سید یعقوب کو کنیڈا کے ویزا کے حصول کے لئے بنکاک آنے کے لئے کہا جس پر یقین کرتے ہوئے وہ بنکاک پہونچ گئے۔ وہاں پر ایک خاتون نے اُنھیں ہوٹل میں رکھا اور ویزا کی کارروائی کے لئے تین لاکھ روپئے بطور پیشگی حاصل کرلئے اور ترنجیت کور کے بینک کھاتے میں یہ رقم منتقل کی گی تھی۔ بعدازاں سید یعقوب کے پاسپورٹ کو ایک لفافے میں رکھ کر ہوٹل کے ریسیپشن پر رکھ دیا گیا جہاں پر اُنھیں دھوکہ دہی کا پتہ چلا۔ شہر لوٹنے کے بعد سید یعقوب نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ تینوں دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا۔