دھوپ کی شدت سے زندگی متاثر، عوام گھروں میں مقید

نلگنڈہ میں 47 ڈگری درجہ حرارت، ضلع میں اندون دو روز 73 افراد گرمی سے فوت

نلگنڈہ۔/23مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ میں 6دنوں سے درجہ حرارت میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے ۔ صبح 8بجے سے ہی سورج اپنا جلوہ دکھارہا ہے۔ شدید دھوپ کی وجہ عوام گھروں میں ہی مقید ہورہے ہیں۔ عوام کوئی ضروری کام کاج ہو تو اولین اوقات میں مکمل کرنے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں اور سڑکوں پر کرفیو جیسا ماحول دکھائی رہا ہے۔ سرکاری دفاتر میں دوپہر کے اوقات میں حاضری نہیں کے برابر دکھائی دے رہی ہے۔ شدید گرمی اور چلچلاتی دھوپ کی وجہ تاجرین بھی شاید متاثر ہورہے ہیں ۔ صرف مشروبات کے سنٹر اور لسی کی دکانات اور کولرس کی دکانات پر ہی عوام نظر آرہے ہیں۔ ضلع میں درجہ حرارت میں زبردست اضافہ ہونے کی وجہ سے لو لگنے سے زائد از 90افراد کے فوت ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم سرکاری طور پر توثیق یا تردید نہیں کی جارہی ہے۔ ضلع میں دو دنوں سے 73افراد کے فوت ہوئے ہیں جس میں ایک 17ماہ کی لڑکی بھی شامل ہے۔ رات 11بجے تک بھی گرم ہواؤں کے چلنے کی وجہ سے بچے اور ضعیف افراد شدید متاثر ہورہے ہیں۔ 15مئی تک غیر موسمی بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی تھی لیکن اچانک سورج اپنا جلوہ دکھارہا ہے اور بتدریج اس میں اضافہ ہورہا ہے۔ ضلع میں آج درجہ حرارت43 ڈگری ریکارڈ ہوا ہے۔ لو لگنے کی وجہ سے مریال گوڑہ منڈل میں55سالہ راملو، 70سالہ کونڈیا، 55سالہ سرینواس لولگنے سے متاثر ہوئے اور دوران علاج فوت ہوگئے۔ پہاڑ منڈل میں 70سالہ انجماں، 65سالہ ایلماں ، سوریا پیٹ میں پانچ سالہ پریشت، آتما کور منڈل میں50سالہ کوسماں، نارکٹ پلی میں 17سالہ میگھا کوداڑ منڈل میں 65سالہ راملولو ،65سالہ بھکشم کوداڑ میں68سالہ گٹیا،50سالہ چنیا جو زرعی مزدور ہیں لو لگنے سے مختلف افراد فوت ہوگئے۔ چٹیال منڈل میں 2افراد کیتے پلی میں 2افراد ستیم پلی میں ایک، بھونگیر میں ایک، آتما کور ( ایس ) میں 3افراد راجوپیٹ میں ایک،منوگلا منڈل میں ایک، دامر چرلہ میں تین افراد، حضور نگر میں 2افراد کے علاوہ دیگر منڈلوں میں لوگ لگنے سے فوت ہوئے ہیں۔ شدید دھوپ سے متاثر اور فوت ہونے والوں میں زیادہ افراد زرعی مزدور، کام برائے غذا پروگرام میں کام کرنے والے مزدور ، چرواہوں کی تعداد ہے۔ شدید دھوپ اور گرمی سے بچنے کیلئے عوام مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کررہے ہیں۔ ضلع مستقر میں عوام دھوپ کی تمازت سے بیحد پریشان ہیں۔ واضح رہے کہ 18مئی کو 41.3 ڈگری ، 19مئی کو 45.8 ، 20مئی کو46.0،21مئی کو47.1، 22مئی کو 46.2، 23مئی کو 47.8 ڈگری رہا۔