دھون کی سنچری ‘ ہندوستان 239/0

فتح اللہ۔10جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنرس خصوصاً بائیں ہاتھ کے بیٹسمین شکھر دھون نے کمزور بنگلہ دیشی بولنگ کا بھرپورفائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم میں واپسی کے موقع پر شاندار 150رنز کی اننگز کھیلی ہے جب کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے بارش سے متاثرہ دن میں 56اوورس کے کھیل کے بعد بغیر کسی نقصان کے 239رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ بارش کی وجہ سے آج تقریباً 34اوورس کا کھیل متاثر ہوا ۔ دھون نے ٹیم میں واپسی کے بعد خود کو ملنے والے موقع کا پورا فائدہ اٹھایا جیسا کہ دورہ آسٹریلیا کے موقع پر ناقص مظاہروں کے بعد انہیں میزبان ٹیم کے خلاف چوتھے اور آخری سڈنی ٹسٹ میں ٹیم خارج کردیا گیا تھا اور ان کے مقام پر کرناٹک کے اوپنرکے ایل راہول کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا ۔ دھون نے 158گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 150رنز اسکور کئے ہیں جس میں 21 باؤنڈریز بھی شامل ہیں ۔ دھون کے علاوہ دوسرے اوپنرس مرلی وجئے نے بھی 178گیندوں کی اننگز میں ناقابل تسخیر 89رنز اسکور کرلئے ہیں جس میں 8چوکے اور ایک شاندار چھکا بھی شامل ہے۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ دونوں اوپنرس نے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرتے ہوئے ڈبل سنچری کی پارٹنرشپ نبھائی جیسا کہ اس سے قبل 2013 موہالی ٹسٹ میں دونوں نے 289رنز کی پارٹنرشپ نبھائی تھی۔ اوپنرس نے میزبان بولروں کو بے بس کرتے ہوئے ٹیم کے نئے کپتان ویراٹ کوہلی کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کے فیصلہ کو درست قرار دیا ۔