دھون کی جانب سے بھی شاستری کی تعریف

برمنگھم ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سریش رائنا کے بعد اب ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شکھر دھون نے بھی ٹیم کے ڈائرکٹر روی شاستری کے ٹیم میں کردارکی ستائش کی ہے ۔ شکھر دھون نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں شرمناک شکست کے بعد ٹیم میں اعتماد کو بحال کرنے میں ٹیم کے سابق کپتان روی شاستری نے اہم رول ادا کیا ہے۔ دورہ انگلینڈ پر مسلسل ناقص مظاہرہ کے بعد گزشتہ مقابلہ میں دھون نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ دورہ انگلینڈ پر ناقابل تسخیر نصف سنچری اسکور کی ہے۔ ایک بہتر اننگز کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے دھون نے کہا کہ وہ تمام عملہ سے اظہار تشکر کرتے ہیں اور خصوصاً روی شاستری کا جنہوں نے ٹیم میں شمولیت کے ساتھ ہی میرے اعتماد کو کافی بحال کیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر دھون نے بی سی سی آئی ٹی وی سے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے افراد خاندان سے بھی اظہار تشکر کیا ہے۔

واضح رہے کہ دوسرے ونڈے میں شاندار کامیابی کے بعد سریش رائنا نے بھی روی شاستری کی تعریف کی تھی۔ رائنا نے انگلینڈ کے خلاف اس دورہ پر پہلی کامیابی کے بعد کہا تھا کہ ٹیم میں روی شاستری کی شمولیت کے بعد ڈریسنگ روم کا ماحول تبدیل ہونے کے علاوہ کھلاڑیوں سے ان کی ملاقات اور تبادلہ خیال نے کرکٹرس کے حوصلوں کو بلند کیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف 5 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں 1-3 کی شکست کے بعد بی سی سی آئی نے ٹیم کے سابق کپتان روی شاستری کو ٹیم کے ڈائرکٹر منتخب کرتے ہوئے انگلینڈ روانہ کیا تھا۔ ونڈے سیریز میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 3-0 کی سبقت کے ساتھ ونڈے سیریز اپنے نام کرلی ہے اور دھون نے 97 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔