نیپر 20 ؍ جنوری ( سیاست ڈاکٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ نیوزی لینڈ کے ناکام آغاز پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سابق کپتان اور موجودہ کامنٹیٹر سنیل گواسکر نے کہا کہ پہلے ونڈے میں ہندوستان کو شکست دینے میں میزبان آل راؤنڈر جیمس کورے اینڈرسن کا مظاہرہ متاثرکن رہا جیسا کہ انہوں نے پہلے بیٹنگ میں تیز رفتار رنز اسکور کئے جس کے بعد کامیاب بولنگ کا مظاہرہ کیا اور اسطرح اینڈرسن آئی پی ایل 7 میں جب کھلاڑیوں کی نیلامی ہوگی تو آل راؤنڈر سبھی کی توجہ کا مرکز ہوںگے ۔ سینل گواسکر ہندوستانی کھلاڑیوں کے مظاہروں پر کافی ناراض بھی دیکھائی دیئے ۔ گواسکر کی ناراضگی کا اندازہ پہلے ونڈے کے بعد تحریر کردہ ان کے مضمون سے لگایا جاسکتا ہے
جس میں گواسکر نے اوپنر شکھر دھون اور روہت شرما سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بہتر مظاہرہ کریں ۔ گواسکر کے بموجب روہت خود اپنے مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں ۔ انہیں چاہئے کہ وہ اپنے بیٹ سے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو بیرونی وکٹوں پر بھی ایک بہتر اوپنر ثابت کریں ‘ کیونکہ محتاط اور دفاعی حکمت عملی سے وہ حریف بولروں کو خود پر حاوی ہونے کا موقع دے رہے ہیں ۔ ہندوستانی وکٹوں پر انتہائی کامیاب ترین اوپنر کی شکل میں ابھرنے والے دھون کو سابق کپتان اور اوپنر گواسکر نے مشورہ دیا کہ وہ اچھال لیتی گیندوں کے خلاف بہت زیادہ پراکٹس کریں کیونکہ یہ گیندیں انہیں کافی پریشان کر رہی ہیں ۔ گواسکر کے بموجب چونکہ دھون ٹیم کے اوپنر ہیں اور بولرس ان کے لئے اچھال لیتی گیندوں کے ساتھ ہی میدان کا رخ کریں گے لہذا انہیں ان گیندوں کی عادت اور اس کے خلاف بہتر مظاہرہ کے لئے سخت مشق کی ضرورت ہے ۔