دھون اور مرلی کی سنچریاں،ہندوستان347/6

بنگلورو ۔ 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کرکٹ ٹیم نے عالمی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم کے خلاف یہاں بنگلور میں اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا جہاں ہندوستانی اوپنرس شکھر دھون اور مرلی وجئے نے پہلے سیشن میں ناتجربہ کار افغانستانی بولنگ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تیز رفتار رنز بنائے اسی دوران ہندوستانی اوپنر شکھردھون ہندوستان کے ایسے پہلے بیٹسمین ہونے کا اعزاز حاصل کیا جنہوں نے لنچ کے وقفہ سے پہلے سنچری اسکور کی ہو۔ دھون سے قبل یہ کارنامہ دیگر پانچ بیٹسمینوں نے انجام دیا جس میں ڈیوڈ وارنر، مجید خان اور سرڈان براڈمین شامل ہیں جبکہ سب سے پہلے یہ کارنامہ 1902 میں وی ٹی ٹرمپر نے انگلینڈ کے خلاف انجام دیا ہے۔ ہندوستان کی جانب سے پہلے سیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اس سے قبل بہترین ریکارڈ ویریندر سہواگ کا تھا جنہوں نے 2006ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقابل تسخیر 99 رنز بنائے تھے۔ ابتدائی سیشنس میں جہاں ہندوستانی بیٹسمینوں نے تیز رفتار رنز بناتے ہوئے ایک موقع پر 280/1 کا موقف اختیار کرلیا تھا وہیں دن کے اختتام پر مہمان بولروں نے مقابلہ میں واپسی کرتے ہوئے ہندوستان پہلے دن 347/6 تک محدود رکھا۔ 29 ویں اوور میں آوٹ ہونے سے قبل دھون نے 96 گیندوں میں 9 چوکوں اور 3 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 107 رنز اسکور کئے جبکہ دوسرے اوپنر وجئے نے 153 گیندوں میں 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 105 رنز بنائے۔ ٹیم میں شامل تیسرے اوپنر کیل راہول نے نمبر 3 پر 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ میڈل آرڈر میں چیٹیشور پجارا 35 رنز، کپتان اجنکیا راہنے 45 گیندوں میں 10 رنز اور ٹیم میں شامل کئے گئے وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش کارتک 22 گیندوں میں چار رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے۔ یہی وہ لمحات ہیں جب افغانی بولروں نے مقابلہ میں واپسی کی کوشش کی۔ ہاردک پانڈیا 10 رنز اور روی چندرن اشون 7 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ افغانستان کیلئے یامین احمد زئی 32 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ وفادار نے 53 رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔ اسپنرس مہنگے ثابت ہوئے۔ تاہم راشد خان 120 رنز، مجیب الرحمن 69 رنز کے عوض فی کس ایک وکٹ بھی حاصل کرپائے۔