دھون اور روہت کی نصف سنچریاں ،ہندوستان 202/3

نئی دہلی۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر جہاں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر آشیش نہرا اپنے کیریر کا آخری مقابلہ کھیل رہے تھے ، اس مقابلہ کو ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹوئنٹی۔ 20 مقابلے میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے 203 رنز کے ہمالیائی اسکور کے ساتھ یادگار بنایا۔ ہندوستانی اوپنرس کی جوڑی شکھر دھون اور روہت شرما نے پہلی وکٹ کیلئے 16.2 اوورس میں 158 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ کے ذریعہ ٹیم کو شاندار شروعات فراہم کی۔ دھون نے آؤٹ ہونے سے قبل 52 گیندوں میں 10 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 80 رنز اسکور کئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد نمبر 3 پر ہاردک پانڈیا کو روانہ کیا گیا لیکن وہ ’’ہیرو‘‘ بننے کے بجائے ’’زیرو‘‘ پر آؤٹ ہوگئے۔ روہت شرما نے 55 گیندوں میں 6 چوکوں اور 4 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 80 رنز بنائے جبکہ ویراٹ کوہلی نے کیچ چھوڑے جانے کے بعد 11 گیندوں میں 3 چھکے مارنے کے علاوہ ناقابل تسخیر 26 رنز بنائے جبکہ دھونی نے پہلی ہی گیند پر چھکا مارتے ہوئے 2 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 7 رنز اسکور کئے۔ فاسٹ بولروں کی جوڑی ٹرینٹ بولٹ نے 49 رنز کے عوض ایک اور ٹم ساؤتھی کو 4 اوورس میں 44 رنز برداشت کرنے پڑے۔ قبل ازیں آشیش نہرا کو ان کے آخری بین الاقوامی بین الاقوامی سے قبل میدان پر ایک مومنٹو پیش کیا گیا ۔