دھون ، پجارا اور کوہلی کی ناکامی کے درمیان وجئے کی سنچری

برسبین۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اوپنر مرلی وجئے نے اپنے کریر کی پانچویں اور آسٹریلیا کے خلاف چوتھی ٹسٹ سنچری اسکور کی ہے اور گبا میں شروع ہوئے دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن ہندوستانی ٹیم نے ایک اور بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 311/4 کا ایک تاریخی اسکور بنایا ہے۔ دن کے اختتام پر اجنکیا راہنے 122 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 75 اور روہت شرما 34 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 26 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔ برسبین کی گبا وکٹ فاسٹ بولنگ کیلئے سازگار تصور کی جاتی ہے لیکن ہندوستانی ٹیم نے پہلے ہی دن 300 سے زائد رنز بناتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے ہیرو مرلی وجئے ثابت ہوئے۔ مہمان ٹیم کے اوپنر جنہوں نے گزشتہ مقابلے کی دوسری اننگز میں 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی

، وہ اسی سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف چوتھی سنچری اسکور کرلی ہے۔ مرلی وجئے نے 213 گیندوں میں 22 چوکوں کی مدد سے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے جب وہ اپنی کریز چھوڑ کر حریف اسپنر نیتھن لیون کی گیند پر باہر آکر اسٹروک کھیلنے کی کوشش کی تاہم وہ اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔ وجئے نے 175 گیندوں میں 14 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایک عرصہ بعد ہندوستانی اوپنرس مرلی وجئے اور شکھر دھون نے پہلی وکٹ کیلئے 56 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ دھون پھر ایک مرتبہ ناکام ہوئے جیسا کہ وہ 39 گیندوں میں صرف 24 رنز اسکور کرپائے اور اپنی اننگز کے دوران ایک بھی باؤنڈری اسکور نہیں کرپائے۔

پہلے ٹسٹ میں بہتر مظاہرہ کرنے والے چیٹیشور پجارا کا محتاط رویہ انہیں طویل اننگز کھیلنے نہیں دیا اور وہ 64 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے صرف 18 رنز اسکور کرپائے۔ ہندوستان کو بڑا نقصان اس وقت برداشت کرنا پڑا جب پہلے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے والے ویراٹ کوہلی 27 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے صرف 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس وقت کوہلی آؤٹ ہوئے اس وقت ہندوستانی ٹیم کا مجموعی اسکور 137 تھا۔ اس موقع پر مرلی وجئے اور اجنکیا راہنے نے چوتھی وکٹ کیلئے 124 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف کی سمت گامزن کیا۔ علاوہ ازیں روہت شرما اور راہنے کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے 70 رنز کی پارٹنرشپ بن چکی ہے۔

آسٹریلیا کے لئے بولنگ مظاہرے پھر ایک مرتبہ تشویش کا باعث بنے ہیں کیونکہ حالیہ دنوں میں ٹیم کیلئے انتہائی غیرمعمولی مظاہرہ کرنے والے میچل جانسن 15 اوورس کی بولنگ میں 64 رنز دینے کے باوجود وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ ٹسٹ کریر کا آغاز کرنے والے جوش ہیزل ووڈ نے متاثرکن بولنگ کرتے ہوئے 15.2 اوورس میں 44 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہیزل ووڈ نے ہندوستان کے اہم بیٹسمین تصور کئے جانے والے پجارا اور کوہلی کو جلد پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے ٹیم کیلئے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دیگر بولرس میں میچل مارش نے 6 اوورس میں 14 رنز دے کر ایک جبکہ لیون نے 20 اوورس میں 87 رنز دے کر وجئے کی وکٹ حاصل کی۔ دوسرے ٹسٹ میں دونوں ہی ٹیموں کے قطعی 11 کھلاڑیوں میں تبدیلی کی گئیں۔