ناٹنگھم ۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی 33 برس کے ہوگئے اور اس موقع پر انہوں نے اپنے ایک خاص انٹرویو میں 2007ء آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ سے لیکر 2011ء ورلڈ کپ، ٹسٹ میں نمبر ایک مقام حاصل کرنے اور آئی سی سی چمپیئنس ٹرافی جیسی اہم فتوحات کے علاوہ اپنی قیادت اور سچن تنڈولکر جیسے موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دھونی نے کہا کہ وہ صرف ٹیم کا حصہ بننے کے خواہاں تھے لیکن جب انہیں 2007ء میں ٹیم کا کپتان بنایا گیا تو یہ ان کیلئے حیران کن فیصلہ رہا۔ سچن تنڈولکر، وی وی ایس لکشمن اور راہول ڈراویڈ جیسے سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی میں دھونی کو کپتان بنایا گیا تھا۔