دھونی کے سبکدوشی کے بعد کے منصوبوں کا آغاز؟

رانچی۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ٹی 20 ٹیم سے باہرکاراستہ دکھا دیا گیا ، جیسا کہ یہ پہلے ہی واضح ہوچکا ہے کہ دھونی 2019 ورلڈکپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کوالوداع کہہ دیں گے۔ ایسے میں ان کے مداحوں کے ذہن میں سوال ہے کہ سبکدوشی کے بعد دھونی کیا کریں گے؟ اور شاید دھونی نے بھی اس بارے میں سوچنا شروع کردیا ہے اوروہ کئی سارے کاموں میں ہاتھ آزمارہے ہیں۔ حال ہی میں دھونی نے چھتیس گڑھ کے کھلاڑیوں کے لئے ریاست میں کرکٹ اکیڈمی شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس کے لئے دھونی نے محکمہ کھیل کو ایک مسودہ (ڈرافٹ) بناکربھیجا ہے۔ رائے پورکے شہید ویرنارائن بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں اکیڈمی شروع کرنے کے ضمن میں بات چل رہی ہے۔ کھیل محکمہ نے ایم اویو پراپنی رائے دینے کے بعد اب ریاستی انتظامیہ کو تجویز بھیج دی ہے۔ محکمہ کھیل اورنوجوان کے ڈائریکٹردھرمیش ساہو نے کہا کہ مہندر سنگھ دھونی کی طرف سے تجویزآئی ہے اور اس پرضوابط کے مطابق کارروائی کرنے کے بعد ریاستی حکومت کو بھیجا جائے گا۔ دھرمیش نے مزید کہا کہ اس سے ریاست کے کھلاڑیوں کو فائدہ ملے گا۔ دھونی نے مسودہ ڈاک کے ذریعہ بھیجا ہے۔ محکمہ کھیل مسودہ کو ریاستی حکومت کوبھیجے گا، اس کے بعد ریاستی حکومت اس پرآخری فیصلہ کرے گی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق چھتیس گڑھ اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن (سی ایس سی ایس) ریاستی حکومت سے 90 سال کے لئے اسٹیڈیم کو کرایہ پرحاصل کررہا ہے اگراسٹیڈیم سی ایس سی ایس کو ملتا ہے تو دھونی کی اکیڈمی کا آغاز ممکن نہیں ہے۔ چھتیس گڑھ محکمہ کھیل نے بھی میدان کو کرایہ پردینے کی تقریباً تیاری کرلی ہے۔ اس کے بعد سی ایس سی ایس اوربی سی سی آئی کے ماتحت میدان ہوگا۔ اس کے بعد بین الاقوامی میچ کروانے کے امکانات میں اضافہ ہوجائے گا۔