دھونی کے ساتھمیرے کوئی اختلافات نہیں : اسمتھ

کوہلی کیساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رہنے کی امید

نئی دہلی ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسٹیواسمتھ نے آج کہا ہیکہ ان میں اور مہندر سنگھ دھونی کے درمیان کوئی اختلافات نہیں۔ اسمتھ جنہیں آئی پی  ایل کے دسویں ایڈیشن کیلئے پونے سوپر جائنٹ کیلئے دھونی کے مقام پر کپتان بنایا گیا ہے۔ ٹیم کے نئے کپتان اسمتھ نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں بلکہ دونوں کے درمیان پیغامات کے ذریعہ تبادلہ خیال بھی ہورہا ہے اور دھونی کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ نیز میرے دھونی یا کسی اور کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلقات میں کسی قسم کی کوئی بگاڑ نہیں۔ عالمی کرکٹ میں منفرد شناخت رکھنے والے آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ ان دنوں ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں پونے کے ایک اور بیٹسمین اجنکیا راہنے کے ساتھ موجود ہیں جوکہ یہاںآئی پی ایل 2017ء کیلئے پونے ٹیم کی جرسی کی رونمائی کی تقریب کی جس میں انہوں نے آئی پی ایل کے سب سے زیادہ توجہ کا مرکز انگلینڈ کے آل راونڈر بین اسٹوکس کی اپنی ٹیم میں آمدکا خیرمقدم کیا۔ پونے نے اس مرتبہ حیران  کن طور پر ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پر متعدد ٹورنمنٹس میں فتوحات دلانے والے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو قیادت سے ہٹاتے ہوئے ان کے مقام پر اسٹیواسمتھ کو ٹیم کا قائد بنایا ہے کیونکہ دھونی کی قیادت میں گذشتہ برس پونے کی ٹیم نے 14 مقابلوں میں صرف 5 فتوحات حاصل کی تھی اور ٹیموں کے جدول میں اسے ساتواں مقام حاصل ہوا تھا۔ ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز کھیلنے کے بعد اب آئی پی ایل میں شرکت کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے اسمتھ نے کہاکہ آئی پی ایل میں مختلف ممالک کے کپتانوں اور مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا مثبت ہے نہ کہ یہ پریشان کن ہیں۔ دریں اثناء اسمتھ نے واضح کردیا کہ ٹیم میں کئی کھلاڑی موجود ہیں جن سے تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے لیکن میں بہت زیادہ آراء پر انحصار نہیں کروں گا کیونکہ جتنی زیادہ رائے ہوگی اتنا ہی اپنا فیصلہ لینا مشکل ہوگا۔ لہٰذا میں جہاں تک ہوسکے واضح ذہن کے ساتھ حکمت عملی اختیار کروں گا ہاں لیکن کسی موقع پر کوئی کھلاڑی کچھ نشاندہی کرتا ہے تو اس کی رائے کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اسمتھ نے ہندوستان کے خلاف حالیہ منعقدہ سیریز میں ہونے والے تنازعات کے بعد ویراٹ کوہلی کے بیان پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ویراٹ کوہلی کے ساتھ میرے دوستانہ تعلقات میں کوئی دراڑ آئی ہے کیونکہ ٹسٹ سیریز کے بعد کوہلی نے جو بیان دیا اس میں ہندوستانی کپتان نے چند ایک کھلاڑیوں کا تذکرہ کیا ہے لہٰذا میں امید کرتا ہوں کہ کوہلی کے ساتھ میرے تعلقات دوستانہ ہی رہیں گے۔ کوہلی نے اپنے بیان میں صرف چند کھلاڑیوں سے دوستانہ تعلقات برقرار نہ رہنے کا حوالہ دیا ہے لہٰذا امید ہیکہ میرے تعلقات بہتر ہی رہیں گے۔ اسمتھ، اجنکیا راہنے اور بین اسٹوکس اس موقع پر توجہ کا مرکز رہے ۔ نیز اسمتھ نے کہا کہ ٹسٹ سیریز میں ہندوستان نے ہمیں مات دی ہے لیکن اب میں چند نئے کھلاڑیوں کی نئی طرز کی کرکٹ میں قیادت کروں گا اور امید ہیکہ ٹیم بہتر نتائج حاصل کرے گی۔