ملبورن۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کے بعد نئے سال میں جب ہندوستانی ٹیم پہلا ٹسٹ آسٹریلیا کے خلاف رواں سیریز میں چوتھے مقابلے کی شکل میں کھیلے گی تو یہ نہ صرف ہندوستانی ٹیم کا طویل طرز کی کرکٹ میں ایک نئے عہد کا آغاز ہوگا بلکہ سڈنی ٹسٹ کیلئے قطعی 11 کھلاڑیوں کا فیصلہ بھی توجہ کا مرکز ہوگا۔ 6 تا 10 جنوری سڈنی میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹسٹ میں پھر ایک مرتبہ ویراٹ کوہلی ٹیم کی قیادت کریں گے لیکن سیریز کے پہلے ٹسٹ کی بہ نسبت اس مرتبہ کوہلی کی قیادت مستقبل کی سمت پہلا قدم ہوگا۔ عین ممکن ہے کہ اب کوہلی ہی ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے مستقل کپتان ہوں گے۔ سڈنی ٹسٹ میں دھونی کے پسندیدہ اسپنر اشون کی شمولیت اہمیت کی حامل ہوگی کیونکہ کوہلی نے پہلے ٹسٹ میں اشون پر نوجوان کرن شرما کو ترجیح دی تھی جنہوں نے پہلے ٹسٹ میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اشون کے بیرون ملک مظاہرے انتہائی مایوس کن رہے ہیں تاہم دوسرے اور تیسرے ٹسٹ میں انہوں نے مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔ کوہلی کو ایک جارحانہ کپتان تصور کیا جارہا ہے لہذا سڈنی ٹسٹ کیلئے اشون پر کرن شرما یا حالیہ عرصہ میں متاثر کرنے والے نوجوان اسپنر اکشر پٹیل کو ترجیح دی جائے گی، یہ فیصلہ توجہ کا مرکز ہوگا۔ علاوہ ازیں وکٹ کیپنگ کیلئے وریدھیمان ساہا کی شمولیت یقینی ہے۔