دھونی کی چائے والے دوست سے برسوں بعد ملاقات

کلکتہ۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی ایک کامیاب کرکٹر بننے سے پہلے عام انسان کی طرح زندگی گزار رہے تھے، راتوں رات ان پر قسمت  مہربان ہوگئی اور وہ دنیا کی مقبول شخصیت بن گئے، اس کے علاوہ دھونی کی شخصیت کا نمایاں پہلو عجزوانکساری بھی ہے‘ احساسات اور دوستی کے جذبات سے لبریز انسان ہیں۔ دھونی ایک عظیم کرکٹر ہیں، اس بات کو تو سب ہی جانتے ہیں، لیکن ان کی زندگی ایک عام آدمی سے مختلف نہیں ہے۔ ان کی ہمہ جہت شخصیت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ وہ اپنے پرانے دوستوں کے ساتھ ابھی تک رابطے میں رہتے ہیں، ان کے مطابق دوستی کے رشتے میں دنیاوی مقام و مرتبہ رخنہ نہیں ڈال سکتے۔ اس کی زبردست مثال اس وقت دیکھنے میں آئی جب کلکتہ کے ایڈن گارڈن  میں وجے ہزارے ٹرافی مقابلے کے دوران دھونی نے اپنے پرانے دوست تھامس سے ملاقات کی۔ دھونی کی زندہ دلیِ اس وقت دیکھنے میں آئی جب وہ ڈریسنگ روم سے باہر آئے تو اپنے دوست تھامس کو انتظار کرتا پایا، جو ایک چائے والا ہے اور اس کا کھارگ پور ریلوے اسٹیشن پر چائے کا دھابہ ہے۔ دھونی جس دور میں انڈین ریلوے میں ٹی ٹی ای تھے تو روزانہ دو مرتبہ اس ڈھابے سے چائے پینا ان کا معمول تھا۔ دھونی نے جب اپنے دوست کو دیکھا تو فورا پہچان لیا اور اسے گلے سے لگا لیا۔ اس کے بعد دھونی نے اپنے دوست کے ساتھ ڈنر بھی کیا۔ دھونی کی اپنے دوست کے ساتھ ملاقات 13 سال بعد ہوئی۔ یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ دھونی بامِ عروج پر بھی عاجزی اور انکساری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ وہ اپنی مثبت سوچ کی وجہ سے مقبول ہیں اور اپنی مصروفیات کے باوجود اپنے دوستوں کو دستیاب رہتے ہیں۔