دھونی کی پہلے ٹسٹ میں شرکت متوقع : دھون

اڈیلیڈ۔6ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے منصوبوں میں واضح تبدیلی دکھائی دے رہی ہے ۔ جیسا کہ 9ڈسمبر کو آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں مہیندر سنگھ دھونی کی شرکت متوقع ہے ۔ ابتداء میں امید کی جارہی تھی کہ 12ڈسمبر کو شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میں دھونی ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے لیکن آسٹریلیائی بیٹسمین فلپ ہیوز کی حادثاتی موت کے بعد ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان منعقد شدنی چار مقابلوں کی ٹسٹ سیریز پر نظرثانی کی گئی اور اب پہلا ٹسٹ 4ڈسمبر کی بجائے 9ڈسمبر کو شروع ہورہاہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے اوپنر شکھر دھون نے آج کہا ہے کہ کارگذار کپتان ویراٹ کوہلی کو ٹسٹ کرکٹ میں ٹیم کی قیادت کیلئے ہنوز انتظار کرنا پڑسکتا ہے جیسا کہ دھونی کی پہلے ٹسٹ سے قبل ٹیم میں آمد متوقع ہے ۔ دونوں کپتانوں کے تقابلی جائزے کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے دھون نے کہا کہ دونوں ہی کپتان جارحانہ ہیں‘ تاہم ویراٹ کوہلی کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلے میں زیادہ سرگرم دکھائی دیتے ہیں ۔

جب کہ دونوں ہی کپتانوں کی قیادت میں کھیلنے کا اپنا مزہ ہے ۔ حریف بولر میچل جانسن کے متعلق دھون نے کہا کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ایک عالمی معیار کے بولر ہیں تاہم ان کے خلاف بہتر مظاہرہ کیلئے میں پُرعزم ہوں ۔ دھون نے کہا کہ آئی پی ایل کے دوران وہ متعدد مرتبہ جانسن کا سامنا کرچکے ہیں اور ان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے کافی مزہ آتا ہے اور اُمید ہے کہ پہلے ٹسٹ کے دوران بھی وہ کافی جارحانہ بولنگ کا مظاہرہ کریں گے ۔ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے دورہ پر شاندار فاسٹ بولنگ کے خلاف دھون بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے تھے اور دورہ انگلینڈ پر ناقص مظاہروں کے بعد انہیں ٹیم سے خارج کرتے ہوئے سینئر اوپنر گوتم گمبھیر کو موقع دیا گیا تھا ۔ دورہ آسٹریلیا کے موقع پر کھیلے گئے دو ٹور مقابلوں میں بھی دھون کے مظاہرے ناقص ہی ہیں جیسا کہ رواں ہفتہ کھیلے گئے دو روزہ وارم اپ مقابلے میں دھون پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے ہیں ۔