دھونی کی ٹسٹ قیادت کو گلکرسٹ کی حمایت

سڈنی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈ وکٹ کیپر بیٹسمین ایڈم گلکرسٹ نے مہندر سنگھ دھونی کی ٹسٹ قیادت کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے ہم وطن اور سابق کپتان ایان چیاپل کے خیال سے اتفاق نہیں کرتے جس میں اُنھوں نے مہندر سنگھ دھونی کو ٹسٹ کرکٹ کے لئے ہندوستانی ٹیم کا ناموزوں کپتان قرار دیا ہے اور اِن کے مقام پر ویراٹ کوہلی کو ٹسٹ ٹیم کی قیادت دیئے جانے کی حمایت کی ہے۔ گلکرسٹ نے کہاکہ وہ ایان چیاپل کے اِس خیال سے اتفاق نہیں رکھتے اور نہ ہی ویراٹ کوہلی کو فی الحال دھونی کا ٹسٹ کرکٹ میں جانشین تصور کرتے ہیں۔ گلکرسٹ کے بموجب مہندر سنگھ دھونی نے ہندوستان کو ٹوئنٹی 20 اور ورلڈکپ میں چمپئن بنوانے کے علاوہ ٹسٹ کرکٹ میں بھی ٹیم کو نمبر ایک مقام تک پہنچایا ہے۔ چیاپل نے گزشتہ ماہ اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ دھونی کو ٹسٹ کرکٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کے لئے اب موزوں کپتان نہیں سمجھتے اور اِن کے مقام پر چاہئے کہ ویراٹ کوہلی کو ٹیم کا کپتان بنادیا جائے تاکہ دھونی آئندہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد شدنی ورلڈکپ میں ٹیم کے خطاب کے دفاع پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز کرسکیں۔ گلکرسٹ نے دھونی کو ٹسٹ ٹیم کے لئے بھی موزوں کپتان قرار دینے کے علاوہ آئندہ ورلڈکپ میں آسٹریلیائی ٹیم کو خطاب کے لئے پسندیدہ اور مضبوط قرار دیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ بھی دعویداروں میں شامل ہے۔ گلکرسٹ کے بموجب ہندوستان کے لئے آئندہ دورۂ آسٹریلیا چیالنجس سے بھرا ہوگا۔