دبئی ۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے افغانستان کے خلاف ایشیا کپ میں ٹائی ہوہے میچ میں امپائرنگ کی غلطیوں پر طنز کیا ہے،حالانکہ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ وہ اس معاملے میں واضح طور پر کچھ نہیں کہیں گے نہیں تو ان پر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔افغانستان اور ہندوستان کایہاں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ’سوپر فور‘ میچ دلچسپ طور پر ڈرا پر ختم ہوا تھا اگرچہ اس میچ میں امپائرنگ میں کافی غلطیاں بھی ہوئی تھیں جس سے ہندوستان کو نقصان ہوا۔ میچ کے بعد دھونی نے طنز بھرے الفاظ میں کہا، اس میچ میں کئی کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے اور کچھ ایسی چیزیں ہوئیں جس پر وہ کچھ نہیں کہنا چاہتے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ اس سلسلے میں کچھ کہہ کر ان پر جرمانہ عائد کیا جائے۔ دراصل میچ میں وکٹ کیپر اورکپتان دھونی اور دنیش کارتک کو میدانی امپائر گریگور بریتھویٹ اور انیس الرحمن نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا جبکہ ٹی وی ری پلے میں یہ صاف تھا کہ دونوں ہندوستانی بیٹسمینوں کے معاملے میں گیند اسٹمپ سے لگی ہی نہیں۔ دھونی کو جاوید احمدی نے آٹھ رن پر اورکارتک کو محمد نبی نے 44 کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو کیا تھا۔ڈرا پر ختم ہوئے اس میچ میں ہندوستانی ٹیم 252 کے اسکور پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ طویل عرصے بعد ہندوستانی ٹیم کے لئے کپتانی کر رہے دھونی نے کہا، میچ میں جو صورتحال تھی اس میں تو برابری پر رہنا برا نہیں ہے کیونکہ میچ ہارنے سے ڈرا ہونا بہتر ہے۔یاد رہے کہ دھونی اس مقابلے میں قیادت کررہے تھے۔
راہول کی غلطی کی دھونی کو سزا
دبئی ۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اور افغانستان کے درمیان سوپر 4 میںکھیلا گیا دلچسپ میچ ڈرا ہوگیا۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر شہزاد کی شاندار سنچری کی بدولت 252 رن بنائے ، جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم بھی 252 رن بناکر ہی آل آوٹ ہوگئی۔ اس میچ میں ہندوستان کے اوپنر کے ایل راہول نے 60 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی لیکن انہوں نے ایک بڑی غلطی کردی ، جس کا خمیازہ ایم ایس دھونی اور دنیش کارتک کو بھگتنا پڑگیا۔اب کے ایل راہول کو بھی اپنی اس غلطی پر افسوس ہورہا ہے۔ میچ کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں جب راہول سے ان کے ریویو کے ضمن میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں لگا کہ وہ بچ جائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے کہا کہ بعد میں مجھے لگا کہ ریویو نہیں لینا چاہئے تھا لیکن میں سمجھ رہا تھا کہ شاید گیند اسٹمپ کے باہر لگی ہے تو میں نے یہ موقع لیا۔ راشد خان کے گیند پر راہول ایل پی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔ دیکھنے میں بھی لگ رہا تھا کہ وہ آوٹ ہیں لیکن انہوں نے ڈی آر ایس لے لیا۔ ریویو میں بھی انہیں آوٹ ہی قرار دیا گیا اور ساتھ ہی ریویو بھی ختم ہوگیا۔ اس کے بعد دھونی کو بھی ایل پی ڈبلیو آوٹ دیا گیا۔ تاہم ری پلے میں یہ صاف نظر آرہا تھا کہ دھونی آوٹ نہیں ہیں اورگیند اسٹمپ چھوڑ کر جارہی ہے لیکن راہول کے ذریعہ ریویو ختم کردئے جانے کی وجہ سے وہ ریویو نہیں لے سکے اور انہیں پویلین لوٹنا پڑگیا۔یہی نہیں دنیش کارتک بھی غلط امپائرنگ کا شکار ہوئے اور وہ بھی ریویو نہیں لے سکے۔