پونے۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے چنئی سپر کنگس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی جم کر تعریف کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ دھونی کی شاندار فارم ہندستانی کرکٹ کے لئے اچھی علامت ہے ۔آئی پی ایل 11 کے مقابلے میں دھونی کی ٹیم سے ہارنے کے بعد ہندوستانی کپتان وراٹ نے دھونی کی فارم کے بارے میں پوچھے جانے پر کہاکہ انہیں اس طرح کھیلتے دیکھنا شاندار تجربہ ہے ۔ہر کوئی ایم ایس کو اسی انداز میں کھیلتے دیکھنا چاہتا ہے جس طرح وہ اس وقت کھیل رہے ہیں۔یہ ہندستانی کرکٹ کے لئے اچھی علامت ہے اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ہم سب اس سے بہت خوش ہیں۔وراٹ نے کہاکہ ہم جیتنا چاہتے تھے لیکن جس طرح وہ کھیلے وہ میچ جیتنے کے مستحق تھے ۔بنگلور سے ملے 128 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دھونی جب میدان میں اترے تو چنئی کا اسکور تین وکٹ پر 78 رن تھا لیکن دھونی نے 23 گیندوں میں ایک چوکا اور تین چھکے اڑاتے ناٹ آؤٹ 31 رن بناکر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔اس سیزن میں دھونی اب تک 19 چوکے اور 27 چھکے مار چکے ہیں۔اس سے پہلے بھی بنگلور کے خلاف میچ میں 206 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے دھونی نے صرف 34 گیندوں پر ناٹ آوٹ 70 رن بنا کر چنئی کو فتح دلا دی تھی۔