دھونی کی سبکدوشی کا سوال ہی نہیں:شاستری

لندن۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ مہندر سنگھ دھونی کی کھیل سے علیحدگی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جو تیسرے ونڈے میچ کی گیند بھرت ارون کو دکھانا چاہتے تھے اور ان کی سبکدوشی سے متعلق خدشات محض افواہیں ہیں۔انگلینڈ کیخلاف تیسرے ونڈے کے بعد مہندر سنگھ دھونی نے امپائرز سے میچ کی گیند لے لی تھی جس پر خبریں گردش کرنے لگی تھیں کہ وہ اپنے کیریئر کا کوئی فیصلہ کرنا چاہتے ہیں۔دھونی کی ونڈے میچوں میں حالیہ کارکردگی پر سوال اٹھایا جاتا رہا ہے اور ان کی دوسرے ونڈے میں سست بیٹنگ پر سنیل گواسکر نے بھی یہ تبصرہ کیا کہ انہیں عالمی کپ 1975ء میں اپنی اننگز یاد آگئی جہاں انہوں نے 174 گیندوں پر36 رنز بنائے تھے۔ سابق کپتان سورو گنگولی بھی یہی کہا کہ اگر دھونی کو مزید کھیلنا ہے تو انہیں اپنی بیٹنگ بہتر بنانی ہوگی جہاں وہ لگاتار جدوجہد کر رہے ہیں۔ دھونی ایک عظیم کھلاڑی رہے ہیں لیکن ایک سال سے ان میں ماضی کی جھلک دیکھنے میں نہیں آئی اور وہ اننگز کی تعمیر میں ناکام ہیں۔ قومی کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ دھونی تیسرے میچ کے بعد محض بال کا حشر بھرت ارون کو دکھانا چاہتے تھے اور وہ کہیں نہیں جا رہے ہیں۔