بنگلور۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )آئی پی ایل سیزن 11 کے 24 ویں میچ میں مہندر سنگھ دھونی نے کپتان کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے چینائی سوپرکنگز کو سرفہرست مقام پر پہنچا دیا۔ دھونی ناقابل شکست 70رنزبنا کرمین آف دی میچ رہے ۔رائل چیلنجرز بنگلورکو پانچ وکٹوں سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر چینائی نے رائل چیلنجرز بنگلور کو پہلے بیٹنگ کیلئے طلب کیا تو کپتان ویراٹ کوہلی 18 رنز بنا کر آوٹ ہوئے لیکن کوئنٹن ڈی کاک نے ابراہام ڈی ویلیئرز کے ساتھ دوسری وکٹ پر 103 رنز کی شراکت قائم کی۔ ڈی کاک نے 53 رنز میں ایک چوکا اور چار چھکے لگائے جبکہ ابراہام ڈی ویلیئرز نے 68 رنز کو دو چوکوں اور آٹھ چھکوں سے سجایا لیکن ان کے بعد مندیپ سنگھ ہی تین چھکوں اور ایک چوکے سمیت 32 رنز بنا سکے اور اسکور 8 وکٹوں پر 205 رنز رہا۔ شردل ٹھاکر،عمران طاہر اور ڈوین براوو نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں چینائی کو اچھا آغاز نہیں مل سکا جب اس کی 74 رنز پر چار وکٹیں گر گئیں اور امباتی رائیڈو ایک سرے سے کریز پر ڈٹے رہے جنہوں نے اپنے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ پر 101 رنز کی شراکت سے فتح کی راہیں ہموار کر دیں۔ رائیڈو نے 82 رنز کی جاندار اننگز میں تین چوکے اور آٹھ چھکے لگائے جبکہ مہندر سنگھ دھونی نے سات چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 70 رنز بنا کر مرد میدان کا ایوارڈ قبضے میں کرلیا۔ڈوین براوو بھی 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ یزویندر چہل کی دو وکٹیں کسی کام نہ آسکیں۔