نئی دہلی ۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی اگلے مہینے سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں ٹیم کے لئے ترپ کا اکا ثابت ہوسکتے ہیں۔ 37 سالہ دھونی اس ورلڈ کپ میں سب سے تجربہ کار وکٹ کیپر ہوں گے۔ وہ اب تک تین ورلڈ کپ ( 2007 ، 2011 اور 2015 ) کھیل چکے ہیں اور چوتھے میں کھیلنے والے ہیں کیونکہ آئی پی ایل 2019 میں ان کا بیاٹ کافی بول رہا ہے۔ وہ اس سیزن میں چینائی سوپرکنگس کیلئے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ انہوں نے رواں سیزن 10 میچوں میں 137 کے اسٹرائیک ریٹ اور 104.66 کے اوسط سے 314 رن بناچکے ہیں۔ وہ 17 چوکے اور 17 چھکوں کے ساتھ تین نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔ ایسے میں ورلڈ کپ میں ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ مانا جارہا ہے کہ ایم ایس دھونی ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے سبکدوش ہوجائیں گے حالانکہ ابھی باضابطہ طور پر طور پرکوئی بھی بیان سامنے نہیں آیا ہے لیکن جس طرح کی دھونی کی شبیہ ہے اس سے ان کے بارے میں پہلے سے کچھ بھی سوچنا اکثر غلط ہی ثابت ہوتا ہے۔ دھونی کیلئے حال ہی میں چینائی سوپرکنگس کے کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے کہا کہ وہ لیجنڈ کھلاڑی اور لیڈر ہے ، جب آپ ان جیسے لیڈرکو ایسے باہر کرتے ہیں تو پھر کافی جگہوں کو بھرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بیان آئی پی ایل 2019 میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف میچ میں دھونی کے زخمی ہونے کی وجہ سے باہر ہونے پر کہی تھی۔ فلیمنگ کے اس بیان کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے آفیشیل پیج پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔ اس کے بعد آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے مداحوں سے پوچھا کہ وہ دھونی کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں دیکھنا چاہیں گے۔ آئی سی سی نے لکھا کیا کہ آپ 2020 ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ایم ایس دھونی کے بیاٹ سے دھماکہ دار اننگز دیکھنا چاہتے ہیں جس پر مداحوں نے کافی مثبت جواب دیا۔