دھونی کیلئے ایشیا کپ انتہائی اہم :گنگولی

دبئی۔18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے کہا ہے ایشیا کپ میں پاکستان کیخلاف میچ دھونی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ دھونی ایک میچ وننگ کھلاڑی ہیں اور انہیں وسیع تجربہ ہے لیکن حالیہ چند سیریز میں انکے مظاہرے معیار کے مطابق نہیں رہے اور انہیں ایک بڑی اننگز کی ضرورت ہے۔ اپنے کالم میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مقابلے ہمیشہ سے ہی سنسنی خیز ہوتے ہیں لیکن جب سے پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کا فائنل ہندوستان کے خلاف جیتا ہے اس وقت سے ناقدین کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں میں مقابلہ برابر کا ہوگا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے گنگولی نے کالم میں لکھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ایک اچھی اور مضبوط ٹیم ہے اور جب سے مکی آرتھر نے اس کی کوچنگ سنبھالی ہے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔