نئی دہلی۔19جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے طاقتور ٹاپ آرڈر کے باوجود ٹیم کی بیٹنگ لائن میں تجربات سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم انتظامیہ دو بہترین بیٹسمینوں لوکیش راہول اور اجنکیا رہانے کی مناسب دیکھ بھال نہیں کر رہی ہے۔ انگلینڈ کیخلاف ونڈے سیریز کی شکست کے بعد انہوں نے کہا کہ نمبر چار پر لوکیش راہول اور اجنکیا رہانے کی موجودگی بیٹنگ کو سہارا دے سکتی ہے اور انہیں یہ بات سمجھ میں نہیں آتی کہ ان فارم بیٹسمینوں کو بلا وجہ نظر انداز کیوں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مہندر سنگھ دھونی اگر ورلڈکپ کھیلنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں شکست کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی کی ونڈے کرکٹ سے سبکدوشی کی افواہیں ایک مرتبہ پھر زور پکڑگئیں۔انگلینڈ سے سیریز میں شکست کے بعد سب سے زیادہ تنقید سابق کپتان پر ہی کی جا رہی ہے۔ لارڈز میں ناکامی کا سبب ان کی سست بیٹنگ کو بھی قرار دیا گیا اور شائقین نے نعرے بازی بھی کی۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں میچ کے بعد کوہلی امپائر سے کہہ رہے ہیں کہ وہ دھونی کو گیند دے دیں، اس منظر کو بھی جواز قرار دیا جارہا ہے کہ شاید وہ اپنا آخری ون ڈے کھیل چکے۔انگلینڈ کی ونڈے اور ٹی 20 سیریز میں وکٹ کیپر ایم ایس دھونی کی بیٹنگ تنقید کی زد میں ہے۔ دھونی نے اس دورے پر 3 اننگز میں بیٹنگ کی اور ہندوستانی ٹیم کو تینوں ہی مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لارڈس ونڈے کے دوران تو ان کی بیٹنگ کے وقت ناظرین نے ہوٹنگ تک کر ڈالی۔ در اصل دھونی مطلوبہ رن ریٹ کے اعتبار سے کافی سست بیٹنگ کر رہے تھے جس کی وجہ سے ناظرین ناراض ہو گئے۔دھونی کا کھیل دیکھ کر انہیں ٹیم میں لانے والے سابق کپتان سورو گنگولی بھی مایوس ہیں۔ گنگولی نے ونڈے سیریز ہارنے کے بعد واضح طور پر کہا کہ اگر دھونی ورلڈکپ ٹیم میں ہوں گے تو پھر انہیں اپنا کھیل بدلنا ہو گا۔لیڈس میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ونڈے میں ہندوستان کی شکست کے بعد گنگولی نے کہا کہ ٹیم ٹاپ کے تین بیٹسمینس شکھر دھون، روہت شرما اور ویراٹ کوہلی پر کچھ زیادہ ہی منحصر ہے۔ گنگولی نے کہا کہ ہندوستان راہول جیسے کھلاڑیوں کو زیادہ موقع نہیں دیا جارہا ہے جنہیں اچھی فارم میں ہونے کے باوجود آخری میچ میں موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا، اگر میں آنکھیں بند کر کے دیکھوں تو مجھے چوتھے نمبر پر راہول نظر آتا ہے۔