کوالالمپور ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہیندر سنگھ دھونی کو محدود اوور کی کرکٹ میں مقابلہ کا انتہائی شاندار انداز میں ختم کرنے والے کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے کہا ہیکہ انہیں تینوں طرز کی کرکٹ میں ٹیم کی قیادت کو جاری رکھنا چاہئے اور انہیں قیادت سے ہٹانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ 55 سالہ کپل دیو پندرہویں لوراز ورلڈ اسپورٹس ایوارڈ کے ایمبسڈر ہیں، یہاں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد شدنی 2015ء ورلڈ کپ میں دھونی کو ہی ٹیم کی قیادت کرنی چاہئے۔ نمبر 6 یا 7 پر 50 سے زائد کی اوسط رکھنے والے دھونی کو جنہوں نے ونڈے اور ٹوئنٹی 20 کا ورلڈ کپ دلوایا ہے، قیادت سے نہیں ہٹانا چاہئے۔