اڈیلیڈ۔17فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ٹیم کی مسلسل کام یابی پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی بہت خوش ہیں تاہم وہ اس حوالے سے بھی فکر مند ہیں ان کی ٹیم ہمیشہ اپنے حریف کیخلاف ناقابل شکست نہیں رہ گی۔ دھونی نے اس بہترین ریکارڈ کے باوجود پاکستان کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ہندوستان ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ہمیشہ ناقابل شکست نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ریکارڈ بہت اچھا ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے۔لیکن ایک وقت آئے گا جب ہم ان سے ہار جائیں گے، یہ ریکارڈ ہمیشہ قائم نہیں رہے گا۔ یہ موقع اس ٹورنمنٹ میں بھی آسکتا ہے اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنل یا فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں۔دھونی نے مزید کہا ہے کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ مجوعی طور پر پاکستان کا ہم سے بہتر ریکارڈ ہے، وہ ایک بہترین ٹیم ہے اور انہیں شکست دینا آسان نہیں۔اگر باہمی مقابلوں میں دیکھا جائے تو پاکستان کا ہندوستان پر پلڑا بھاری ہے اور 51 فتوحات کے مقابلے میں پاکستان نے ہندوستان کو 72 مرتبہ شکست سے دوچار کیا۔دھونی سے پوچھا گیا کہ آخر ورلڈ کپ میں پاکستان سے کبھی بھی نہ ہارنے کا کیا راز ہے؟ جس پر ٹیم کو ورلڈ کپ میں ٹیم کو خطاب دلوانے کپتان نے کہا کہ اس کا سبب ساتھی کھلاڑیوں کی خود اعتمادی ہے۔ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان نے یقیناً پاکستان کو ورلڈ کپ میں ہر مرتبہ شکست دی ہے جس پر فخر کیا جاسکتا ہے لیکن وہ وقت بھی آئے گا
جب ہندوستانی ٹیم پاکستان سے ہار بھی سکتی ہے اور یہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔دھونی کے بموجب اگر دونوں ٹیموں کے مقابلوں کے مجموعی اعدادو شمار دیکھیں تو ہندوستان حریف ٹیم پاکستان سے بہت پیچھے ہے۔ پاکستان ایک زبردست ٹیم ہے۔جب کبھی بھی ہند۔پاک ٹیمیں کھیلتی ہیں تو یہ کوئی عام میچ نہیں ہوتا، یہ ہر کے لئے جذباتی لمحات ہوتے ہیں لیکن ہم صرف ایک میچ میں فتح پر اکتفا نہیں کر سکتے، ابھی بہت بہتری گنجائش موجود ہے۔دھونی نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہوا لیکن اہم چیز یہ ہے کہ ہم اس ایک کامیابی کے بعد مستقبل پر نظریں مرکوز کر لیں۔ یہ میچ گزر چکا ہے لہٰذا اب ہمیں اگلے میچ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔یہاں اس حقیقت کا تذکرہ بھی اہمیت کا حامل ہے کہ ہندوستانی ٹیم اپنا آئندہ مقابلہ اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی گئی اور اس مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کو حریف ٹیم کے خلاف ورلڈ کپ میں مسلسل ناکامیوں کے سلسلہ کو توڑنا ہوگا کیونکہ دفاعی چیمپئن ٹیم کا جنوبی افریقہ کے خلاف ریکارڈ مایوس کن اور ورلڈ کپس میں تا حال کھیلے گئے تمام 3 مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم کو شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔