دھونی کو برطانیہ میں ایشیائی ایوارڈ

لندن۔5اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم جو ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے اس خوشی کے علاوہ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کیلئے ایک اور خوشخبری ہے کہ انہیں برطانیہ میں 2014ء کا ایشیائی ایوارڈ جو بہترین کارناموں کے عوض دیا جارہا ہے ۔ مہیندر سنگھ دھونی فی الحال بنگلہ دیش میں ٹیم کی قیادت کررہے ہیں انہیں اس ایوارڈ سے گذشتہ روز نوازا گیا ہے ۔ انگلینڈ کے سابق کھلاڑی رام پرکاش جو ایوارڈ تقریب میں موجود تھے انہوں نے مہیندر سنگھ دھونی کی جانب سے روانہ کردہ پیغام کو پڑھ کر سنایا

جس میں ہندوستانی کپتان نے کہا کہ وہ یہ ایوارڈ اپنے اُن شائقین کے نام معنون کرتے ہیں جو کہ ایشیاء اور ساری دنیا میں موجود ہیں ۔ دھونی کو محدود اوورس کی کرکٹ میں مقابلے کو انتہائی شاندار انداز میں ختم کرنے والا کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے اور ان کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے 2007ء کا ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ ‘ 2007-2008ء سی بی سیریز ‘ 2010ء ایشیاء کپ ‘ 2011ء آئی سی سی ورلڈ کپ اور 2013ء آئی سی سی چمپئنس ٹرافی حاصل کیا ہے ۔ 2013ء میں دھونی ایسے پہلے کپتان ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے جن کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے آئی سی سی کے تینوں خطابات حاصل کئے ہیں جو کہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ ‘ ونڈے ورلڈ کپ اور چمپئنس ٹرافی ہیں ۔ اس تقریب میں مہیندر سنگھ دھونی کے علاوہ جن دیگر افراد کو ایوارڈس سے نوازا گیا ان میں پوناوالا گروپ کے چیرمین ڈاکٹر سائرس پوناوالا بھی موجود ہیں جنہیں میڈیسن کے شعبہ میں غیرمعمولی تعاون کے ضمن میں اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔