دھونی کا ورلڈ کپ میں کلیدی کردار ہوگا:شاستری

ممبئی ۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ 2011 ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا30 مئی کوانگلینڈ میں شروع ہو رہے ورلڈکپ میں بے حد اہم اور بڑا رول ہو گا۔شاستری نے ہندوستان ٹیم کے انگلینڈ روانہ ہونے کے موقع پر یہاںکپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا، دھونی کے ٹیم میں ہونے سے نہ صرف بولروں اوردیگر کھلاڑیوں کو مدد ملتی ہے بلکہ موجودہ کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ منصوبے بنانے میں بھی وہ بے حد اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اسٹمپنگ اور فنیشر کی اننگز کے لئے مشہور دھونی ورلڈکپ 2019 میں ہمارے لیے سب سے اہم ہوں گے۔کوچ نے کہا کہ دھونی اور کوہلی کے درمیان شاندار تال میل ہے۔ دھونی کا ٹیم میںکافی بڑا کردار ہے۔ وکٹ کیپر کے طور پر کسی بھی ٹیم میں ان سے بہتر وکٹ کیپر کوئی نہیں ہے۔دھونی کا یہ چوتھا اور آخری ورلڈکپ ہوگا۔ سرکردہ کھلاڑی دھونی ٹورنمنٹ میں واحد ایسے کھلاڑی کے طور پر اتریں گے جنہوں نے 300 سے زائد میچ کھیلے ہیں۔ دھونی اب تک ہندوستان کی جانب سے 338 ونڈے میچ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 50 کے اوسط سے 10500 رنز بنائے ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں اختتام پذیر انڈین پریمیئر لیگ کے 12 ویں ایڈیشن میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور شائقین کو امید ہے کہ وہ اپنی اس شاندار فارم کو ورلڈکپ میں بھی دوہرائیں گے۔دھونی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے2007 ٹی 20 ورلڈکپ، 2011 ونڈے ورلڈ کپ اور2013 میں چمپئنز ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ شاستری کے علاوہ کرکٹ کی دنیا کے کئی کھلاڑیوں نے دھونی کی ورلڈ کپ میں کردار کو بے حد اہم قراردیا ہے۔