ملنگا میزبان ٹیم کے کارگذار کپتان
کوہلی سے ایک بہتراننگز کی اُمید‘مقابلہ کا 2:30بجے آغاز
کولمبو۔30 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم ونڈے سیریز پر 3-0 سے پہلے ہی قبضہ کرچکی ہے اورکھلاڑیوں کے زخموں اور ناقص کارکردگی کے لئے چوطرفہ تنقید کا نشانہ بننے والی سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے خلاف وہ کل یہاں چوتھے ونڈے میں بھی اپنی کامیابی کا سلسلہ قائم رکھنے اترے گی۔ہندوستان نے ٹسٹ سیریز میں سری لنکا کے خلاف 3-0 سے کلین سویپ کیا تھا اور اب وہ ونڈے سیریز میں بھی اس کامیابی سے دو فتوحات دور ہے ۔ دوسری طرف سری لنکائی ٹیم مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے خود اعتمادی پیدا نہیں کر پا رہی ہے اور اس کی غلطیاں مسلسل جاری ہیں۔ سری لنکا کے لئے اس سیریز میں کم سے کم دو میچ جیتنا 2019 کے ورلڈ کپ کے لئے راست رسائی کرنے کے لحاظ سے بھی ضروری تھا لیکن وہ اپنے گھریلو میدان پر بھی اس مقصد کو پورا نہیں کرسکی۔ وہیں مہمان ٹیم نے ونڈے میں اپنی نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے ۔ ہندوستان نے تیسرا ون ڈے چھ وکٹ سے اپنے نام کیا جہاں ایک مرتبہ پھر ‘مسٹر فنیشر’ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے سب سے واہ واہی حاصل کی۔ سیریز سے پہلے تک ٹیم میں اپنی جگہ کے لئے سوالات کی زد میں گھرے دھونی نے ناٹ آؤٹ67 رنز کی اننگز سے جیت میں تعاون دیا تو دوسرے ونڈے میں بھی ان کی ناٹ آؤٹ 45 رن کی اننگز میچ کو فتح دلانے میں اہم رہی تھی۔36سالہ دھونی یقینی طور پر ٹیم کے تجربہ کار اور اہم کھلاڑی ہیں اور ان کی فارم نے ان پر سوال اٹھانے والوں کی زبان بند کردی ہے اور کولمبو میں جب وہ اپنے کیریئر کے300 ویں ونڈے کھیلنے اتریں گے ۔ ان سے اس میچ کو یادگار بنانے کے لئے بہترین کاکردگی کی امید کی جاسکتی ہے ۔گزشتہ چند مقابلوں میں کوہلی پر بیٹنگ آرڈر میں تبدیلیاں کے لئے ان پر سوال اٹھے لیکن ٹیم کی کامیابی سے حوصلہ مند کپتان نے واضح کردیا کہ وہ اس طرح کا تجربہ جاری رکھیں گے تاکہ باقی کھلاڑیوں کو موقع مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں سبھی 15 کھلاڑی میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حالانکہ تیسرے میچ کے لئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی لیکن اس سے پہلے کپتان نے خود کو بیٹنگ آرڈر میں پانچویں مقام پر پہنچادیا تھا۔ویسے پہلے دمبولہ ونڈے میں ناٹ آؤٹ 82 رن کی اننگز کے بعد سے پچھلے دو میچوں میں کوہلی نے4 اور3 رنز کی مایوس کن اننگز کھیلی ہیں اورکولمبو میں وہ بہتر رن بنانے کی کوشش کریں گے ۔ کوہلی کے علاوہ روہت شرما، شکھر دھون، لوکیش راہول اور مڈل آرڈر میں دھونی، ہاردک پانڈیا اور بھونیشور کمار اچھے بیٹسمینس ثابت ہورہے ہیں اور کسی بھی حالت میں ٹیم کو جیت تک لے جاسکتے ہیں۔ دوسرے میچ میں سری لنکا کے اسپنر اکیلادھننجے نے اپنی مشکل گیندوں سے سبھی کو پریشان ضرور کیا تھا لیکن ایک میچ کے بعد ہی محسوس ہورہا ہے کہ ہندوستان ٹیم کے بیٹسمینوں نے دھننجے کی تکنیک کو سمجھ لیا ہے ۔