انٹیگا۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام )مین آف دی میچ مہندر سنگھ دھونی کے ناٹ آؤٹ 78 کی شاندار اننگز اور پھر اسپنروں کلدیپ یادو اور روی چندرن اشون کے فی کس 3 وکٹوں کے حصول کی بدولت ہندستان نے میزبان ویسٹ انڈیز کو ونڈے سیریز کے تیسرے میچ میں93 رنز شکست دیتے ہوئے سیریز میں 0-2کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ ہندستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے50 اوورس میں چار وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے ۔جوابی اننگزمیں ہدف کا تعاقب میں ویسٹ انڈیز ٹیم158 رن پر ڈھیر ہوگئی ۔ہندستان کی کامیابی میں دھونی نے 79 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگا کر سب سے بڑی اننگز کھیلی جبکہ اوپنر اجنکیا رہانے نے 112 گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 72 رنوں کی ایک اور اہم نصف سنچری بنائی۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز میں مڈل آرڈر جیسن محمد نے سب سے زیادہ 40 رن بنائے ۔ انہوں نے61 گیندوں میں چار چوکے لگائے ۔ اس کے علاوہ روومین پاول نے 30 رن بنائے ۔ ٹیم کے چھ بیٹسمینس دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہیں کرسکے ۔ ہندستان کے لئے کلدیپ نے41 رنز دے کر تین وکٹ اور اشون نے 28 رنز پر تین وکٹ لئے ۔ فاسٹ بولر امیش یادو نے ایک اور ہارڈک پانڈیا نے 32 رن دے کر دو وکٹ لئے ۔کیدار جادھو کو اپنے اوور کی پہلی ہی گیند پر ایک وکٹ ملی۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز اننگز کے آخری بیٹسمین کیسرک ولیمز کی وکٹ لئے کر ٹیم کی کامیابی کی خانہ پوری کی۔ ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو252 رنز کا چیلنج سے بھر پور ہدف ایسی وکٹ پر دیا جس پر تیزی سے رنز بنانا مشکل ہورہا تھا۔ اس کے علاوہ کیدار جادھو نے 26 گیندوں پر ناٹ آوٹ 40 رن کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ یوراج سنگھ نے 55 گیندوں پر 39 رن میں چار چوکے لگائے ۔کپتان وراٹ کوہلی نے 11 اور اوپنر شکھر دھون نے دو رن بنائے ۔