دھونی ٹوئنٹی 20 میںنصف سنچری سے ہنوز محروم

نئی دہلی۔13مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی بلاشبہ محدود اوور کی کرکٹ میں مقابلہ کو بہترین انداز میں ختم کرنے والے سب سے بہتر کھلاڑی ہیں لیکن اعداد وشمار یہ بتاتے ہیں کہ وہ ٹوئنٹی 20میں ہنوزاپنی پہلی نصف سنچری کا تعاقب کررہے ہیں۔ 40مقابلوں کی 43اننگز میں وہ ہندوستان کیلئے بیٹنگ کرچکے ہیں اور اس دوران انہوں نے 772رنز بھی اسکور کرلئے ہیں تاہموہ ہنوزاپنی ٹوئنٹی 20بین الاقوامی نصف سنچری کا تعاقب کررہے ہیں ۔ اتفاق سے بین الاقوامی ٹوئنٹی 20مقابلے میں ان کا اعظم ترین اسکور ناقابل تسخیر 48رن ہے جو انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں بنایا ہے ۔ تاہم اس مقابلہ میں ٹیم کو شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔دریں اثناء مقابلہ میں دھونی جس وقت45رنز پر کھیل رہے تھے اس موقع پر انہیں نصف سنچری اسکور کرنے کا آسان موقع دستیاب تھا تاہم روی چندرن اشون نے آخری اوور کی چار گیندیں کھیلیں جس کے بعد مابقی دو گیندوں دھونی نے تین رنز اسکور کئے اور اس طرح دھونی نے تو 48رنز بنائے تاہم ہندوستان کو 31رنز کی شکست ہوئی تھی ۔