نئی دہلی۔ 24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ سمجھتے ہیں کہ مہیندر سنگھ دھونی اختراعی اور مستعد کپتان نہیں ہیں اور خاص کر کے ٹسٹ میں ان کی قیادت غیرمتاثر کن ہے۔ آئندہ برس آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے ضمن میں مائیکل ہولڈنگ نے ہندوستان کو طاقتور دعویدار قرار دیا ہے۔ ہولڈنگ کا ماننا ہیکہ ہندوستان کی ونڈے ٹیم کی قیادت کرنا مشکل کام نہیں ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے مہیندر سنگھ دھونی کی قیادت میں کئی قابل ذکر فتوحات حاصل کی ہیں لیکن حالیہ دنوں میں ان کی قیادت پر تنقید کی جارہی ہے اور خصوصاً طویل طرز کی کرکٹ میں ان کی قیادت کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہولڈنگ کا ماننا ہیکہ ونڈے میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرنا دھونی کیلئے مشکل نہیں لیکن طویل طرز کی کرکٹ میں ان کی قیادت متاثرکن نہیں ہے۔